نوئیڈا (پریس ریلیز) نوئیڈا کے سیکٹر 16 کے میکس ٹاور کے شاندار آڈیٹوریم میں ہر ماہ کی طرح 19 جولائی کو بھی شام 7 بجےسے شاعرانہ احساس کی محفل کا انعقاد کیاجا رہا ہے۔ مشاعرہ میں اس بار اپنی منفرد شاعری سے ایک خاص شناخت بنانے والے معروف شاعر نعمان شوق کی بھی خُصوصی شرکت ہوگی۔ اس کے علاوہ ، ہندوستان کی سر زمین کی خوشبو سے مہکتی شاعری کرنے والے مشہور شاعر شاہد انجم بھی احساس کی شمع روشن کریں گے۔اپنی شاعری میں خواتین کے احساسات کی نمائندگی کرنے والی شاعرہ سریتا جین بھی اس احساس کا ایک حصہ ہونگی ۔ اپنی شاعری سے پوجا اور عبادت کی لو جلانے والے نوجوان شاعر نکنج شرما کی بلند اور مدھر آواز بھی اِس مفل میں گونجیگی۔ طنز و مزاح کے شاعر آر جے انس فیضی مشاعرہ کی نظامت کا فرض ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے کلام سے بھی حاضرین کے ہونٹوں پر مسکان بکھیریں گے ۔ احساس کا پورا تانا بانا ترتیب دینے والے سینئر صحافی اور شاعر تحسین منور کی ملک اور سماج کو آئینہ دکھاتی شاعری بھی احساس کو بیدار کرنے کا کام کرے گی ۔
نوئیڈا غازی آباد میں، ہر مہینے ادب و ثقافت کی محفل سجانے کی اس کوشش کو ادب نوازوں کا لگاتار تعاون حاصل ہو رہا ہے۔ یہ سمجھا جاسکتا ہے کہ دہلی این سی آر کے اس حصّے میں رہائش پذیر لوگوں کو اپنی ادبی پیاس بجھانے کے لئے دہلی کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں ۔ لہذا ، احساس کے ذریعہ ادبی پیاس بجھانے کی یہ کوشش سب كو راس آرہی ہے۔ اس شاعری کی شام کے لئے تمام ادب اور شاعری سے محبت کرنے والے bookmyshow کے ذریعے ٹکٹ خرید کر جڑ سکتے ہیں۔