شارجہ:متحدہ ارب امارات کے شارجہ میں ترقیم یو اے ای اور شراف ایکسچینج کے زیر اہتمام ایک یادگار مشاعرے کا انعقاد عمل میں آیا ۔یہ انعقاد گزشتہ شام عمل میں آیا جاری ایک ریلیز کے مطابق ترقیم یو اے ای اور شراف ایکسچینج نے مل کر ایک ایسی شام برپا جہاں لفظوں کا جادو سر چڑھ کر بولا شارجہ سوشل سنٹر میں سجنے والی اس خوبصورت ادبی محفل میں امریکہ، کینیڈا، قطر، ہندوستان اور پاکستان سے تشریف لانے والے ممتاز شعراء کے ساتھ امارات کے شعراء نے اپنے کلام سے حاضرین کو مسحور کیا۔اس موقع پر امارات کی معروف کاروباری شخصیات اور بڑی کمپنیؤں کے سربراہان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کرکے محفل کو وقار بخشا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی اور بزم صدف انٹرنیشنل کے چئرمین شہاب الدین احمد تھے جن کی موجودگی نے محفل کو مزید شان بخشی۔ شعری نشست کے دوران معزز شعراء کو اعزازی شیلڈز اور سرائیکی ثقافت کی پہچان اجرک پیش کی گئی، جو اس محفل کی خوبصورتی اور وقعت میں مزید اضافہ کا باعث بنی۔یہ شام نہ صرف اردو ادب کے فروغ کی ایک روشن مثال ثابت ہوئی بلکہ ثقافتی ہم آہنگی اور کمیونٹی یکجہتی کا خوبصورت پیغام بھی اپنے ساتھ لے کر آئی۔