لیورپول (یو این آئی) ورلڈ باکسنگ کپ آستانہ گولڈ میڈ لسٹ جیسمین لیمبوریا نے لیورپول میں جاری ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں خواتین کے 57 کلوگرام زمرے میں دو بار کی اولمپیئن برازیل کی جوسلین سرکیرا رومیو کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔جیسمین اور رومیو اس سے قبل آستانہ میں بھی گولڈ میڈل کے لیے آمنے سامنے تھے اور ہندوستانی باکسر نے سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی تھی۔لیکن لیورپول میں، جیسمین نے 5:0 کے اسکور کے ساتھ تینوں راؤنڈز پر بالادستی حاصل کی اور اب وہ عالمی چیمپئن شپ میں تمغہ جیتنے سے صرف ایک قدم دور ہے۔ہندوستان نے حال ہی میں تشکیل دی گئی باکسنگ کی بین الاقوامی گورننگ باڈی ورلڈ باکسنگ کے زیراہتمام منعقد ہونے والی اس پہلی عالمی چمپئن شپ میں 20 رکنی دستے کو میدان میں اتارا ہے۔ مردوں اور خواتین دونوں مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی امید ہے۔ورلڈ باکسنگ کپ کے سلور میڈلسٹ ابھیناش جام وال نے بھی مردوں کے 65 کلوگرام زمرے کے دوسرے راؤنڈ میں میکسیکو کے ہیوگو بیرن کو 5:0 سے شکست دے کر اپنی مہم جاری رکھی۔تاہم، خواتین کے 54 کلوگرام زمرے میں ساکشی کا سفر یہاں ختم ہوا کیونکہ وہ راؤنڈ آف 16 میں ترکی کی ہیتیس عقبہ سے 0:5 سے ہار گئیں۔لیورپول میں سناماچا چانو کی مہم بھی قازقستان کی نتالیہ بوگڈانووا سے 0:5 سے ہار کر ختم ہوئی۔سچن (مردوں کے 60 کلوگرام) کو قازقستان کے بیبرس جیکسن سے 1:4 سے شکست ہوئی جبکہ نیرج پھوگاٹ کو خواتین کے 65 کلوگرام زمرے میں انگلینڈ کی مقامی امید سچا ہکی سے 2:3 سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔