لاہور،(یو این آئی ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے سالِ نو کے موقع پر پاکستانیوں کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر شدید عوامی ردعمل کے بعد معذرت کر لی ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا ہے کہ ان کا مقصد صرف لوگوں کی صحت کی بہتری کے لیے مشورہ دینا تھا۔تنازع کیا تھا؟ سالِ نو کے آغاز پر وسیم اکرم نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے پاکستانیوں کی حد سے زیادہ کھانے پینے کی عادات پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ "ڈنگروں (مویشیوں) کی طرح کھانا چھوڑ دیں”۔ اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا ہو گیا اور صارفین نے سوئنگ کے سلطان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے پوری قوم کی توہین قرار دیا۔ شدید تنقید کے بعد وسیم اکرم نے ایک اور ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا،معذرت: "جن لوگوں کو میرے الفاظ برے لگے ہیں، میں ان سے معذرت خواہ ہوں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ صرف باتوں کو پکڑنا اور خامیاں نکالنا جانتے ہیں، لیکن اس کے پیچھے چھپے اصل اور مثبت پیغام پر دھیان نہیں دیتے۔ سابق پاکستانی کپتان نے اپنے موقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سچی بات ہمیشہ کڑوی لگتی ہے”۔ ان کا مقصد پاکستانیوں کو بے حساب اور بے وقت کھانے کے نقصانات سے آگاہ کرنا اور صحت مند طرزِ زندگی کی طرف راغب کرنا تھا۔وسیم اکرم نے اپنی ویڈیو کا اختتام یہ کہتے ہوئے کیا کہ "اللہ آپ سب کو ہدایت دے”۔ یاد رہے کہ وسیم اکرم اکثر وبیشتر عوامی صحت اور فٹنس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر فعال رہتے ہیں، لیکن اس بار ان کے "سخت الفاظ” نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔












