دمشق:شام کے حکام نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ حلب شہر میں شہریوں کو محفوظ علاقوں تک نکالنے کے لیے دو انسانی راہ داریاں دوبارہ کھول دی گئی ہیں۔حلب صوبے نے آج ایک پریس بیان میں کہا "صوبائی حکام کے مطابق انھیں ان خاندانوں کی اپیلیں موصول ہوئی ہیں جو شیخ مقصود اور الاشرفیہ کے علاقوں کے بیچ محاصرے میں ہیں، کیونکہ گذشتہ روز سیرین ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) نے بہت سے شہریوں کو باہر نکلنے سے روک دیا اور انہیں اپنی کارروائیوں کے لیے انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی۔”بیان میں مزید کہا گیا کہ شیخ مقصود اور الأشرفیہ کے شہری جو باہر نکلنا چاہتے ہیں، انہیں محفوظ علاقوں کی طرف لے جانے کے لیے دو معروف راستے (العوارض اور شارع الزہور) کھولے جائیں گے۔ یہ عمل صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہے گا۔بیان میں کہا گیا کہ "شام کی عرب فوج کے ساتھ ہم آہنگی کے بعد شہریوں کو محفوظ علاقوں تک نکالنے کے لیے دو انسانی راہ داریاں دوبارہ کھولنے کا انتظام کیا گیا ہے۔”گذشتہ روز بدھ کی صبح سے شام کی فوج اور ایس ڈی ایف کے درمیان جھڑپیں دوبارہ شروع ہو گئی تھیں۔ حلب کے میڈیا ڈائریکٹر عبد الکریم لیلی نے کہا ایس ڈی ایف نے صبح کے وقت السلیمانیہ، السریان، بستان الباشا اور شیخ طہ کے محلوں کو راکٹوں سے نشانہ بنایا، جبکہ وزارت دفاع کی فورسز الاشرفیہ کے علاقے میں فائرنگ کے مقامات کو نشانہ بنا رہی ہیں۔”لیلی نے مزید بتایا کہ صوبے نے شیخ مقصود اور الاشرفیہ کے شہریوں اور ان کے آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔حلب کے مقامی ذرائع کے مطابق شیخ مقصود اور الاشرفیہ کے محلوں میں تقریباً ایک لاکھ شہری رہائش پذیر ہیں۔بدھ کو کیمرے نے حلب کے شمالی علاقے الاشرفیہ میں شامی سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی کو ریکارڈ کیا، جب کہ علاقے میں نسبتا سکون کا ماحول تھا۔ کیمرے نے عارضی پناہ گاہوں میں مقیم مہاجرین کی صورت حال بھی دکھائی، جو ایس ڈی ایف کے زیر کنٹرول علاقوں سے آئے تھے۔حکومت نے بدھ کو شہریوں کو جھڑپوں والے علاقوں سے نکالنے کے لیے انسانی راہ داریاں کھولیں اور انہیں بسوں کے ذریعے شہر کے اندر محفوظ مقامات تک منتقل کیا۔ امدادی ذرائع کے مطابق تقریباً 10 ہزار افراد وہاں سے فرار ہوئے۔یاد رہے کہ لڑائی کی وجہ سے حلب کی شہری زندگی متاثر ہوئی، ہوائی اڈا اور ترکی جانے والی ہائی وے بند ہو گئی، صنعتی علاقے کی فیکٹریاں بند ہو گئیں اور مرکزی حلب جانے والی سڑکوں پر ٹریفک رک گیا۔دمشق کا کہنا ہے کہ اس کی فورسز راکٹ حملوں، ڈرونز اور ایس ڈی ایف کے زیر کنٹرول علاقوں سے کی جانے والی فائرنگ کا جواب دے رہی ہیں، لیکن کرد فورسز دمشق کو شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے اور شہر میں استحکام کو نقصان پہنچانے کا مکمل ذمہ دار قرار دیتی ہیں۔












