مدینہ منورہ، (یو این آئی) مسجد نبوی میں سال 2025 کے دوران قرآنی تعلیم کے حلقوں میں 8335 طلبہ وطالبات نے قرآن کریم حفظ کیا۔ مسجد نبوی دنیا میں مسلمانوں کا دوسرا مقدس ترین مقام ہے، جہاں نبی آخر الزماں کا روزہ انور اور ان کے دور نبوی سے جڑیں یادگاریں ہیں۔ جب کہ ان پر نازل چوتھی آسمانی کتاب قرآن پاک کو اپنے سینے میں حفظ کرنا ایک مسلمان کے لیے بہت بڑی سعادت ہے۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ‘ایس اے پی’ کے مطابق مسجد نبوی میں سال 2025 کے دوران قرآنی تعلیم کے حلقوں میں مجموعی طور پر 8 ہزار 335 طلبہ وطالبات نے قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کی ہے۔ اس حوالے سے جاری اعداد وشمار کے مطابق 2 لاکھ کے قریب قرآن کریم و سنت نبوی کلاسوں سے فارغ ہونے والوں کو اسناد جاری کی گئیں، علاوہ ازیں 2 لاکھ نئے طلبا و طالبات رجسٹرکیے گئے۔ مسجد نبوی کے حلقوں میں 170 ممالک کے طلبا مستفیض ہوئے اور ایک لاکھ 86 ہزار کے قریب سنت نبوی اور علمی نصوص کے لائسنس جاری کیے گئے۔ سنت نبوی اورعلمی نصوص کے شعبہ حفظ سے 25 ہزار طلبا و طالبات فراغ التحصیل ہوئے ہیں۔ ورچوئل قرآنی تعلیم پروگرام میں 40 ہزار طلبا و طالبات کی رجسٹریشن کی گئی اور 3 ہزار سے زیادہ تعلیمی حلقوں کا بندوبست کیا گیا، ان حلقوں کی نگرانی کے لیے 1500 مرد وخواتین اساتذہ کو متعین کیا گیا۔ یومیہ بنیادوں پر طلبا میں 30 لاکھ سے زیادہ خوراک کے پیکٹس تقسیم کیے تاکہ دوران تعلیم طلبا کی خوراک کی ضروریات کو پورا کیا جائے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسجد نبوی میں علوم دینی سے سالانہ بنیادوں پر دنیا کے مختلف ملکوں سے آنے والے زائرین اور حجاج بھی فیض یاب ہوتے ہیں۔ دروسِ قرآن کے حلقوں سے سالانہ 1.2 ملین عمرہ زائرین و حجاج مستفیض ہوتے ہیں۔












