نوی ممبئی،(یو این آئی ) یوپی واریئرز کے کوچ ابھیشیک نائر نے اعتراف کیا ہے کہ آر سی بی کے خلاف بیٹنگ آرڈر میں کی گئی تبدیلی مؤثر ثابت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہرلین دیول کو اوپننگ کرانے کا فیصلہ غلط تھا اور اس کی پوری ذمہ داری وہ خود لیتے ہیں۔نائر کے مطابق حکمتِ عملی حریف ٹیم کو دیکھ کر بنائی گئی تھی، مگر یہ پلان کامیاب نہ ہو سکا۔ اس میچ میں کرن نویگیرے کو نمبر چار پر بھیجا گیا، جبکہ وہ پہلے میچ میں اوپنر تھیں۔نائر نے کہا کہ ہم نے سوچا تھا کہ شروع میں گیند سوئنگ ہوگی، اس لیے تکنیکی طور پر مضبوط ہرلین پاور پلے میں بہتر ثابت ہو سکتی ہیں تاکہ بعد میں کرن نوگیرے اپنی ہٹ پاور استعمال کر سکیں۔بیٹنگ آرڈر پر اٹھنے والے سوالات کے جواب میں نائر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں ٹاپ تھری کے بعد نمبر اتنے اہمیت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ جب ٹیم کے وکٹ تیزی سے گر رہے ہوں تو رول اور پوزیشن” کے بجائے صرف وکٹ پر ٹھہر کر کھیلنے کی ضرورت ہوتی ہے۔یوپی واریئرز کو ڈبلیو پی ایل 2026 میں مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے شویتا سہراوت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مڈل آرڈر اور وکٹ کیپنگ میں ان کا کردار مستقبل میں ہندوستانی ٹیم کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ نائر نے واضح کیا کہ ٹی20 میں اوپر کے تین نمبر اہم ہوتے ہیں، باقی نمبر حالات کے مطابق بدلے جا سکتے ہیں۔












