برمنگھم، (یو این آئی) برطانیہ کی 44 سالہ ڈچز آف سسیکس، میگھن مارکل کے بارے میں افواہیں ہیں کہ وہ جولائی میں اپنے شوہر پرنس ہیری کے ساتھ ان کے آبائی ملک برطانیہ کا سفر کریں گی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق میگھن مارکل اس گرمیوں میں 4 سال بعد پہلی بار برطانیہ واپس آ سکتی ہیں، جہاں 2027 کے انوِکٹَس گیمز کے لیے ایک سالہ الٹی گنتی کے آغاز کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد کی جائے گی۔ یہ گیمز برمنگھم میں ہوں گے۔ اگرچہ ابھی اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ آیا میگھن اس تقریب میں شریک ہوں گی یا نہیں، تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ اگر ان کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات مناسب ہوئے تو وہ امریکہ سے برطانیہ کا سفر کریں گی۔ تاہم اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ ہوم آفس انھیں سرکاری خرچ پر پولیس سیکیورٹی دے سکتا ہے یا نہیں۔ اگرچہ کچھ لوگ یہ سوال اٹھا سکتے ہیں کہ میگھن برطانیہ واپس کیوں آنا چاہیں گی، ایک ایسا ملک جہاں وہ شاہی خاندان کی رکن کے طور پر اپنے مختصر عرصے کے دوران بہت کم وقت رہیں، لیکن ایک ذریعے نے ان کی واپسی کی اصل وجہ بتائی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق اس کی وجہ ان کے بچے ہیں: 6 سالہ پرنس آرچی اور 4 سالہ شہزادی لِلیبٹ۔ بتایا جاتا ہے کہ اگر ان کے بچے اس سفر میں شامل ہوں تو میگھن بھی برطانیہ آنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ اس ذریعے نے سنڈے ٹائمز کو بتایا میرا خیال ہے کہ وہ ان کے ساتھ (اور بچوں کے ساتھ) واپس آئیں گی۔ یہ جوڑا فلاحی کاموں کے لیے کہیں جاتے ہیں تو اکثر نجی طور پر بچوں کو بھی ساتھ لے جاتے ہیں۔ مجھے کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ وہ بچوں کو لے کر ان کے بغیر برطانیہ آئیں۔ انھیں خاندانی یادیں بنانے کی خواہش تو ہے ہی اس لیے تقریبات میں ساتھ جاتے ہیں، لیکن یہ بھی ہے کہ اگر میگھن ہیری اور بچوں کے ساتھ برطانیہ نہ گئیں تو انھیں مشکل محسوس ہوسکتی ہے، کیوں کہ وہ اپنے بچوں سے جدا رہنا پسند نہیں کرتیں۔ یہ بات انھوں نے اپنی نیٹ فلکس سیریز وتھ لو میگھن , کی ایک قسط میں بھی بتائی تھی، جہاں انھوں نے کہا میں اپنے بچوں سے دور سب سے زیادہ تقریباً 3 ہفتے رہی ہوں، جس پر میں پریشان رہی۔ ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا ہیری اس سال اپنے دورۂ برطانیہ کے دوران میگھن، آرچی اور لِلیبٹ کو بھی ساتھ لائیں گے یا نہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس کا انحصار سیکیورٹی جائزے کے نتائج پر ہوگا، کیوں کہ ڈیوک اس سے پہلے یہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ برطانیہ ان کے خاندان کے لیے بہت غیر محفوظ ہے۔












