کانپور ،سماج نیوز سروس : جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام جاری دس روزہ ”اجلاس استقبالِ رمضان و تفہیمِ دین“کے تحت اہم جلسہ مسجد حاجی عنایت حسین، قلی بازار میںشہری صدر جناب ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کی سرپرستی و مفتی محمد خالدعمر قاسمی کی نگرانی میں منعقدہوا ۔ جلسہ میں بطور مہمان تشریف لائے جمعیۃ علماء اتر پردیش کے ناظم اعلی ٰ مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے رمضان المبارک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ جس طرح دنیاوی تاجروں کے لیے مختلف سیزن آتے ہیں، اسی طرح رمضان المبارک مسلمانوں کے لیے نیکیوں کا سیزن ہے۔ انہوں نے کہااللہ تعالیٰ نے اس ماہ میں ایک فرض کا ثواب 70 فرضوں کے برابر اور نفل کا ثواب فرض کے برابر کر دیا ہے۔ شیطان کو قید کر دیا گیا تاکہ بندہ اپنے رب سے ٹوٹا ہوا تعلق دوبارہ جوڑ سکے۔“ مولانا نے اپنے بصیرت افروز خطاب میں حقوق العباد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف روزہ رکھ لینا کافی نہیں بلکہ اپنے معاملات درست کرنا بھی ضروری ہے۔ والدین کو ناراض کر کے رمضان کی برکتیں حاصل نہیں کی جا سکتیں۔ جو نوجوان موبائل کی وجہ سے والدین کی پکار کو ان سنا کرتے ہیں، وہ سخت گناہ گار ہیں۔اپنی بیویوں کے کام کی قدر کریں اور ان کا ’حق مہر‘ فوری ادا کریں۔ اسی طرح وراثت میں بہنوں کا حصہ دبانا ایسا جرم ہے جو پورے مال کو حرام کر دیتا ہے۔پڑوسیوں اور خادموں کا خیال راستوں میں گاڑیاں کھڑی کر کے یا کچرا ڈال کر پڑوسیوں کو تکلیف دینا اخلاقی جرم ہے۔ مسجد کے خادموں اور گھر کے ملازموں پر ان کی طاقت سے زیادہ بوجھ نہ ڈالیں۔ مولانا نے نمازِ تراویح میں قرآن پاک کو تیزی سے پڑھنے (ایکسپریس تراویح) کے رواج کی سخت مذمت کی اور کہا کہ قرآن ٹھہر ٹھہر کر اور قواعد کے ساتھ پڑھنا چاہیے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ رمضان سے پہلے اپنی تمام شاپنگ مکمل کر لیں تاکہ آخری عشرہ بازاروں کی نذر نہ ہو۔ موبائل اور سوشل میڈیا کا استعمال کم سے کم کریں اور تلاوتِ قرآن کا معمول بنائیں۔روزانہ کچھ نہ کچھ صدقہ کرنے کی عادت ڈالیں۔ جلسہ میں نظامت کے فرائض مفتی محمدخالد عمر قاسمی نےبخوبی انجام دیےاس موقع پر جمعیۃ علماء اترپردیش سکریٹری قاری عبدالمعید چودھری ، محمد سیف، حافظ محمد عالم حافظ عبید اللہ ،حافظ محمد عالم، حافظ اعجاز، جاوید عالم، خورشید عالم، ڈاکٹر اسلام الدین، محمد عابد، عبد المعید،شیرو وغیرہ بطور خاص شریک رہے۔












