کانپور (یواین آئی) سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادونے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی حکومت نے اتر پردیش میں نئے نئے مافیا کھڑے کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے "انکاؤنٹر مافیا، کف سیرپ مافیا، نیٹ مافیا اور اسکیم مافیا جیسے نئے ورژن تیار کیے ہیں۔ جمعہ کو کانپور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت بنیادی ڈھانچے کی فراہمی میں ناکام رہی ہے، جس کے باعث کانپوراوراطراف کے علاقوں میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ گزشتہ نو برسوں میں حکومت نے بجلی جنریشن میں ایک یونٹ کا بھی اضافہ نہیں کیا اور اس وقت جو بجلی مل رہی ہے وہ سماجوادی پارٹی کی حکومت کے دور میں قائم کیے گئے کارخانوں سے حاصل ہو رہی ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کانپورکو بدنام پور بنا دیا ہے۔ انہوں نے ایک غریب برہمن ماں بیٹی کی جھونپڑی جلائے جانے کے واقعہ، سی ایم او کی جانب سے ڈی ایم کے خلاف بدعنوانی پر پریس کانفرنس، اور گنگا ندی میں نالوں کے گرنے جیسے معاملات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان واقعات سے شہر کی شبیہ متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی دورحکومت میں پولیس نظام بدعنوان ہو چکا ہے اور ہتھیلی گرم، پولیس نرم جیسی صورتحال بن گئی ہے۔












