سید پرویز قیصر
دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں نامیبیا کے خلاف ہوئے لیگ میچ ایشان کشن نے دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ لرتے ہوئے 39 منٹ میں24 بالوں پر چھ چھکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے61 رن بنائے۔ انہوں نے پاور پلے میں ہی اپنی نصف سنچری20 بالوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے مکمل کی تھی۔ انکی اس شاندار اننگ کی بدولت ہندوستان نے مقررہ20 اوور میں نو وکٹ پر209 رن بنائے اور نامیبیا کو18.2 اوور میں116 رن پر آوٹ کرکے 93 رن سے کامیابی حاصل کی جو ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں اس کی رنوں کے اعتبار سے سب سے بڑی جیت تھی۔
ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں پاور پلے میں نصف سنچری بنانے والے ایشان کشن ہندوستان کے تیسرے اور کل ملاکر پانچویں بلے باز بنے۔ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بلے باز نیدرلینڈس کے اسٹیفن میبرگ تھے جنہوں نے آئیر لینڈ کے خلاف سلہٹ میں21 مارچ2014 کو ہوئے میچ میں پاور پلے میں آوٹ ہوئے بغیر57 رن بنائے تھے جو ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کے پاور پلے میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔ وہ29 بالوں پر23 بالوں پر چار چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے63 رن بنانے میں کامیاب رہے۔ انکی ٹیم نے اس میچ میں چھ وکٹ سے کامیابی حاصل کی باوجود اسکے کہ آئیرلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چار وکٹ پر 189 رن بنائے تھے۔ نیدرلینڈس نے ن 13.5 اوور میں چار وکٹ پر 193 رن بنائے تھے۔
بنگلہ دیش کے لٹن داس کو پاور پلے میں دوسرا سب سے بڑا اسکور بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ ہندوستان کے خلاف ایڈیلیڈ میں2 نومبر 2022 کو ہوئے میچ میں انہوں نے40 منٹ میں27 بالوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے60 رن بنائے تھے جس میں سے پاور پلے میں انہوں نے آوٹ ہوئے بغیر 56 رن بنائے تھے۔ انکی شاندار بلے بازی کے باوجود بنگلہ دیش کو پانچ رن سے شکست ہوئی تھی۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے20 اوور میں چھ وکٹ پر184 رن بنائے تھے۔ بنگلہ دیش کو16 اوور میں151 رن بنانے تھے مگر اسکے بلے باز چھ وکٹ پر 145 رن ہی بناسکے۔
آسڑیلیا کے خلاف گروس آئسلیٹ میں24 جون2024 کو ہوئے میچ میں روہت شرما نے پاور پلے میں آوٹ ہوئے بغیر 51 رن بنائے تھے۔ اس میچ میں انہوں نے59 منٹ میں41 بالوں پر سات چوکوں اورآٹھ چھکوں کی مدد سے92 رن بنائے تھے ۔ اس میچ میں ہندوستان کو24 رن سے جیت ملی تھی۔ اس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے20 اوور میں پانچ وکٹ پر 205 رن بنائے تھے جس کے جواب میں آسڑیلیا نے مقررہ20 اوور میں سات وکٹ پر 181 رن بنائے تھے۔
دوبئی میں5 نومبر2021 کو ہوئے میچ میں اسکاٹ لینڈ کے سبھی کھلاڑی17.4 اوور میں85 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جس کے جواب میں ہندوستان نے6.3 اوور میں دو وکٹ پر 89 رن بنائے تھے جس میں لوکیش شرما کے34 منٹ میں19 بالوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے بنائے گئے پورے پچاس رن بھی شامل تھے۔ انہوں نے سبھی رن پاور پلے میں بنائے تھے۔
ہندوستان نے نامیبیا کے خلاف سو رن 6.5 اوور میں مکمل کئے جو ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں ٹیم کے سب سے تیز سو رن تھے۔ اس سے پہلے سب سے تیز سو رن بنانے کا اعزاز نیدر لینڈس کے پاس تھا جس نے آئیر لینڈ کے خلاد سلہٹ میں21 مارچ2014 کو سات اوور میں سو رن مکمل کئے تھے۔












