واشنگٹن، (یو این آئی) انڈونیشیا، مراکش، قازقستان، کوسوو اور البانیہ نے غزہ میں فوج بھیجنے کا وعدہ کیا ہے، یہ بات ایک نئی تشکیل شدہ انٹرنیشنل سٹیبلائزیشن فورس (آئی ایس ایف) کے کمانڈر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد بورڈ آف پیس کے اجلاس کے دوران کہی۔امریکی فوج کے جنرل جیسپر جیفرز، جنہیں ٹرمپ کے بورڈ کی جانب سے مستقبل میں غزہ اسٹیبلائزیشن فورس کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، نے کہا کہ مشن میں شامل انڈونیشیا کے دستے نے "ڈپٹی کمانڈر کا عہدہ قبول کرلیا ہے”۔جیفرز نے واشنگٹن ڈی سی میں بورڈ کی میٹنگ کے دوران کہا کہ ” پہلے اقدامات کے ساتھ، ہم غزہ کو درکار سیکیورٹی لانے میں مدد کریں گے۔ترکیہ نے غزہ میں فوج بھیجنے پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی ہے۔ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاقان فیدان نے کہا ہے کہ انقرہ غزہ میں فوج بھیجنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ پولیس فورس کی تربیت میں بھی بامعنی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ہم بین الاقوامی اسٹیبلائزیشن فورس کو دستے فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔”اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ترکیہ کی جانب سے غزہ میں فوج بھیجنے کی واضح طور پر مخالفت کی ہے۔












