اسلام آباد، پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع لاسبیلا میں اتوار کی صبح ایک مسافر بس کے کھائی میں گرنے سے کم از کم 40 افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ۔سرکاری حکام نے یہ اطلاع دی۔ حکام کے مطابق ضلع کے علاقے بیلہ میں چنکی اسٹاپ کے قریب یو ٹرن لیتے ہوئے بس پل کے کھمبے سے ٹکرا گئی اور پھر کھائی میں جاگری۔ کھائی میں گرنے سے بس میں آگ لگ گئی۔حکام نے بتایا کہ جائے واقع پر راحت اور بچاؤ کا کام زور و شور سے جاری ہے ۔غیر سرکاری امدادی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے سعد ایدھی نے صحافیوں کو بتایا کہ تمام متاثرین کو جائے واقع سے نکال لیا گیا ہے ۔ تاہم انہوں نے بس ڈرائیور کی حالت کے بارے میں نہیں بتایا۔انہوں نے بتایا کہ بس میں 45 افراد سوار تھے ۔ زخمیوں کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ، جب کہ ہلاک افراد کی لاشوں کو بندرگاہی شہر کراچی لے جایا جا رہا ہے ۔بتایا جا رہا ہے کہ واقعہ کے وقت بس بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے کراچی جا رہی تھی۔