انقرہ ۔ 21؍ فروری۔ شام کی سرحد کے قریب پیر کی رات جنوبی ترکی میں 6.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس میں تین افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے۔یورپی بحیرہ روم کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ترکی کے علاقے ہاتائے کے قصبے ڈیفنے میں 2 کلومیٹر کی اتھلی گہرائی میں تھا۔ زلزلہ کے جھٹکے پڑوسی ممالک شام، اردن، قبرص، اسرائیل اور مصر میں بھی محسوس کیا گیا۔ تین منٹ بعد، ایک بار پھر 5.8 شدت کا زلزلہ آیا۔یہ 6 فروری کو ترکی اور شام میں 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد پیش آیا جس میں 45,000 سے زیادہ افراد مارے گئے، اور بے شمار عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ترک صدر رجب طیب اردغان نے زلزلے سے بڑے پیمانے پر متاثر ہونے والے دس صوبوں میں تین ماہ کی ایمرجنسی کا اعلان کر دیا۔پیر کی رات آنے والے نئے زلزلے سے متعدد عمارتیں بھی گر گئیں، جو 6 فروری کو آنے والے پچھلے تباہ کن زلزلے سے پہلے ہی کمزور ہو چکی تھیں۔حکام نے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ ممکنہ طور پر خطرناک عمارتوں میں داخل نہ ہوں۔