نئی دہلی، مدرسہ تحفیظ القرآن کی جانب سے کردم پوری میں سالانہ جلسہ دستارحفاظ کرام کا انعقاد کیا گیاجس کی صدارت قاری محمد ریحان اور نظامت مولانا سلیم احمد قاسمی بجنوری نے کی۔جلسہ کا باضابطہ آغاز قاری محمد مہربان کی تلاوت کلام اللہ اور قاری ندیم احمد کی نعت پاک سے ہوا۔ مولانا آس محمد نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں اپنے رسول محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کے واسطہ سے جو کتاب رشدوہدایت عطا کی ہے اس کا حق یہ ہے کہ اس کو ہم پڑھیں سمجھیں اور عمل کرکے اس کی تعلیمات اور پیغام امن وسلامتی کو عام کریں۔مساجد اور مدارس سے اپنا تعلق مضبوط کریں۔نشہ ،جوا، سٹہ، سود خوری، زنا کاری، فحاشی ،عریانی عیاری اور مکاری جیسی قبیح حرکات سے اجتناب کرتے ہوئے اپنے ماں باپ کی اطاعت وفرماں برداری اور خدمات کرکے اپنے آپ کو جنت کا مستحق بنانے کی کوشش کریں۔ مولانا ممتاز احمد قاسمی نے کہا کہ مسلمانوں کی ترقی کا راز تعلیم میں مضمر ہے ۔ سچر کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق بھی ہمارے اور معاشرہ میں تعلیم کے ناگفتہ بہ حالات ہین اس لیے ہمیں تعلیم پر بہت زیادہ دھیان دینے کی ضرورت ہے۔ہمیں اپنے بچوں کو حافظ وعالم بنانے کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم سے بھی آراستہ وپیراستہ کرنا ہوگا۔اور اپنے بچوں اور بچیوں کے ایمان کے تحفظ کے لیے اپنے عصری تعلیم کے ادارے بنانے ہونگے۔ قاری ممتازاحمد کاشفی مہتمم مدرسہ ہذا نے علماءکرام ومہمانان کا شکریہ اداکیا۔قبل ازیںطلباءوطالبات کا پروگرام بعد نماز مغرب ہوا جس میں بچوں نے نعت وتقاریر اور ترانے ومکالمے پیش کئے۔اس موقع پر حفاظ کرام کو دستارو اسنادسے نوازا گیا ۔اہم شرکا میںمفتی حفظ الرحمان، قاری خورشید عالم مہتمم مدرسہ یونسیہ، قاری محمد ارشد، حافظ شکیل، قاری محمد عابد، حافظ عباس ، قاری محمد ارشاد، ڈاکٹرشمس ، مولانا فضل الرحمن، مولانا شاہ نواز،مولانا محمد شہزاد، قاری ندیم جامعی ،قاری محمد اکبر،قاری محمد فرمان ،قاری مامون ، مولانا مسعود ظفرندوی، حاجی مشکور، محمد صابر اورحافظ شکیل رحمانی کے نام قابل ذکر ہیں۔