نئی دہلی،جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے شعبہ اردو کے سینئر ریسرچ فیلو محمد وسیم کو سابق صدر شعبہ اردو پروفیسر شہزاد انجم کی نگرانی میں لکھے گئے تحقیقی مقالے ”مولانا ابوالکلام آزاد اور محمد علی جوہر کی اردو صحافت(تقابلی مطالعہ)“پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض کی گئی ہے، معروف یونیورسٹی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی کے شعبہ اردو کے پروفیسر انور پاشا نے شعبہ اردو کے اساتذہ کرام اور ریسرچ اسکالرز کی موجودگی میں آن لائن اوپن وائیوا لیا، محمد وسیم نے وائیوا میں پوچھے گئے تمام سوالات کے تسلی بخش جوابات دئےے، جس کی بنیاد پر پروفیسر انور پاشا نے انھیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض کئے جانے کی سفارش کی، محمد وسیم کا تعلق اترپردیش کے ایک ضلع سدّھارتھ نگر میں ایک گاؤں کروتا سے ہے، وہ علاقے کی معروف شخصیت مولانا محمد امین رحمہ علیہ کے صاحبزادے ہیں، انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کسمہی(سدھارتھ نگر)اور جامعہ اسلامیہ دریاباد(سنت کبیر نگر)سے حاصل کی، انہوں نے یہیں سے حفظِ قرآن پاک مکمل کیا، اس کے بعد جامعہ اسلامیہ سنابل، نئی دہلی میں تعلیم حاصل کی، 2010ءمیں جامعہ ملیہ اسلامیہ میں داخلہ لیا، یہاں سے انہوں نے بی اے، بی ایڈ، ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی تعلیم اردو زبان میں حاصل کی، اس اہم کامیابی پر خصوصی طور پر ان کے نگراں پروفیسر شہزاد انجم، ممتحن پروفیسر انور پاشا اور صدر شعبہ اردو پروفیسر احمد محفوظ نے مبارکباد پیش کی اور مستقبل کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس کے علاوہ شعبے کے اساتذہ کرام، ریسرچ اسکالر، گھر اور گاؤں کے لوگوں اور رشتے داروں اور دوست و احباب نے بھی دِلِی مبارکباد دی، دعائیں دیں اور خوشی کا اظہار کیا، اس اہم موقع پر تعاون اور حوصلہ افزائی کے لئے میں تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں۔