سرینگر : جنوبی ضلع اننت ناگ کے سگام کوکر ناگ جنگلات میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مختصر جھڑپ کے بعد ملی ٹنٹ فورسز کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ گھنے جنگلات میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے جبکہ جنگلات میں موجود ملی ٹنٹوں کی کمین گاہ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اندرون سگام کوکرناگ کے جنگلات میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے اتوارکی اعلیٰ الصبح علاقے کو محاصرے میں لیا تھا جس دوران وہاں مختصر گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔ گولیوں کے تبادلے کے ساتھ ہی علاقے میں تلاشی آپریشن وسیع کر دیا گیا اور ملی ٹنٹوں کے فرار ہونے کے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں کئی گھنٹوں تک تلاشی آپریشن جاری رہنے کے دوران کہیں پر بھی ملی ٹنٹوںاور سیکورٹی فورسز کا دوبارہ آمنا سامنا نہیں ہوا تاہم جنگلات میں موجود ملی ٹنٹوں کی کمین گاہ کو تباہ کر دیا گیا ۔ ذرائع نے بتایاکہ جنگلات میں ابتدائی فائرنگ کے ساتھ ہی بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا تاہم طویل تلاشی آپریشن کے دوران دوبارہ ملی ٹنٹوں کے ساتھ فورسز کا رابطہ نہیںہوا ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کوکر ناگ جنگلات میں گولیوں کے تبادلے کے بعد خاموشی چھا گئی جبکہ کے گھنٹوں تک تلاشی آپریشن جاری رہنے کے دوران کسی بھی جگہ سے دوبارہ ملی ٹنٹوں اور سیکورٹی فورسز کا آمنا سامنا نہیں ہوا جس کے بعد علاقے کا محاصرہ ختم کیا گیا ۔ انہوں نے کیا کہ ملی ٹنٹ ابتدائی فائرنگ کے ساتھ فرار ہو گئے اور ان کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے اور اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔