ویشنو دیوی مندر جا رہی یاتریوں کی بس کھائی میں گری، 10افراد کی موت، درجنوں زخمی
سرینگر،30مئی ،سماج نیوزسروس:جموں کے جھجر کوٹلی علاقے میں سڑک کے ایک المناک حادثے میں ویشنو دیوی مندر پر حاضری دینے کیلئے جا رہے 10یاتری لقمہ اجل بن گئے جبکہ 55دیگر زخمی ہو گئے جن میں سے کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ۔ ادھر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور دیگر کئی سیاسی لیڈران نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی جبکہ زخمیوں کی شفایابی کیلئے خصوصی دعائیں کیں ۔ تفصیلات کے مطابق جھجر کوٹلی علاقے میں منگل کی صبح ایک المناک حادثہ پیش آیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ ویشنو دیوی مندر پر حاضری دینے کیلئے جا رہے یاتریوں سے بھری ایک بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگری ۔ معلوم ہوا ہے کہ بس امرتسر سے کٹرا جا رہی تھی اور جونہی جھجر کوٹی کے نزدیک ایک پل پر پہنچی تو ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا جس کے ساتھ ہی مسافروں سے بھری بس کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 65کے قریب مسافر جو بس میں سوار تھے شدید طور پر زخمی ہو گئے ۔ حادثے پیش آنے کے ساتھ ہی وہاں چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دی جس کے ساتھ ہی وہاں مقامی لوگوں نے پہنچ کر بچائو آپریشن شروع کر دیا جس کے ساتھ ہی انتظامیہ کے افسران بھی وہاں پہنچ کر بچائو کارروائیاں شروع کر دی اور زخمیوں مسافروں کو علاج کیلئے اسپتال پہنچایا گیا جہاں 10زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے جبکہ 55دیگر یاتریوں کا علاج جاری ہے جن میں سے کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ ایس ایس پی جموں نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں10 افراد ہلاک اور 55 زخمی ہوئے ہیں،۔ انہوں نے کہا کہ تمام زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں داخل کرایا گیا ہے۔جی ایم سی جموں کے پرنسپل ڈاکٹر ششی سوڈان نے بتایا کہ ہسپتال لائے گئے دو زخمیوں کو مردہ قرار دیا گیا، جبکہ دیگر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ادھر جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اس واقعہ پر اپنے دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا جموں کے جھجر کوٹلی میں ایک المناک بس حادثے میں جانوں کے ضیاع سے انتہائی دکھ ہوا ہے۔ سوگوار خاندانوں کے ساتھ میری دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا ہے‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو ہر ممکن مدد اور علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ادھر صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے جموں میں المناک سڑک حادثے میں 10یاتریوں کے لقمہ اجل بن جانے ۱ور55دیگر کے زخمی ہونے پر زبردست رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں لیڈران نے بس کو پیش آئے حادثے میں لقمہ اجل بنے افراد کے اہل خانہ اور لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لقمہ اجل بنے کے لواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کیلئے اللہ سے دعا مانگی۔












