علی گڑھ، 22 مئی،سماج نیوز سروس: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اپنے دفتر منعقدہ ایک تقریب میں ’ایڈوانسیز اینڈ پراسپیکٹس آف تھری ڈی میٹل بیسڈ اینٹی کینسر ڈرگ کینڈیٹس‘ نامی کتاب کا اجراء کیا جسے مشترکہ طور پر پروفیسر فرخ ارجمند، پروفیسر سرتاج تبسم اور ڈاکٹر حذیفہ یاسر خاں، شعبہ کیمسٹری، اے ایم یو نے مرتب کیا ہے۔اسپرنگر نیچر سے شائع شدہ یہ ایک اعلی درجے کی درسی کتاب ہے جو میٹل پر مبنی کینسر سے بچاؤ کی ادویات کی درجہ بندی، ان کے بایو کیمیکل اور میکانکی تجزیے اور ایڈوانسڈ ڈرگ ڈلیوری حکمت عملیوں کا احاطہ کرتی ہے۔پروفیسر ارجمند نے کہا کہ یہ کتاب غیر نامیاتی میٹل پر مبنی کیموتھرپیٹک ادویات کو فروغ دینے میں مدد کر سکتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ پروفیسر ارجمند اور ان کا ریسرچ گروپ گزشتہ تیس برسوں سے ادویاتی غیر نامیاتی کیمسٹری کے شعبے میں کام کر رہا ہے اور کینسر کے خلیوں کی مختلف فینوٹائپس کے خلاف میٹل پر مبنی کینسر کی ادویات تیار کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔پروفیسر ارجمند نے 187 مقالے شائع کئے ہیں،ان کے نام 3 پیٹنٹ اور اسکوپس میں 42 ایچ انڈیکس کے ساتھ 5558 حوالہ جات ہیں۔ اس وقت وہ ایلزیویئر کے جریدے ’جرنل آف مالیکیولرا سٹرکچر‘ کی ایڈیٹر ہیں۔کتاب کے اجراء کے موقع پر پروفیسر قمر الحسن انصاری، ڈین، فیکلٹی آف سائنس، پروفیسر زیبا این صدیقی، چیئرپرسن، شعبہ کیمسٹری اور کتاب کے شریک مصنفین موجود تھے۔












