نئی دہلی، جمعیۃ علماء ہند (ضلع شمال مشرقی دہلی) کی جانب سے حسینی مسجد بابو نگر پرانا مصطفی آباد میں اصلاح معاشرہ کے عنوان پر ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس کی صدارت مفتی عبدالرازق مظاہری (ناظم اعلیٰ جمعیۃعلماء صوبہ دہلی) نے فرمائی ، نظامت کے فرائض مولانا جمیل اختر قاسمی نے انجام دئے جبکہ پروگرام کو مولانا ریاست حسین قاسمی (سیکریٹری جمعیۃعلما حلقہ مصطفی آباد) نے آرگنائز کیا ، پروگرام کا آغاز قاری محمد ساجد فیضی سیکریٹری جمعیۃعلماء صوبہ دہلی اور مفتی معین الدین خطیب حسینی مسجد کی مشترکہ تلاوت اور قاری محمد ارشد کی نعت پاک سے ہوا ، پروگرام کی ابتدا کرتے ہوئے ناظم جلسہ نے کہا کہ امیر الہند مولانا سید ارشد مدنی (صدر جمعیۃعلما ہند) کی ہدایات کے مطابق اپنے صوبائی ذمہ داران کی رہنمائی و نگرانی میں جمعیۃعلماء ضلع شمال مشرقی دہلی اپنے جملہ حلقہ جات میں اصلا ح معاشرہ کے پروگرام منعقد کررہی ہے جس کی یہ آج دوسری کڑی ہے ، ان پروگراموں کا مقصد صرف اور صرف یہ ہے کہ ہم سب اپنا تعلق اللہ رب العزت سے مضبوط کرلیں ، نبی اکرام ﷺکی سنتوں کو اپنی زندگیوں میں لے آئیں ، اچھائیوں کے کرنے والے بن جائیں ، برائیوں سے رکنے والے بن جائیں ، اس کے علاوہ ان پروگراموں کا کوئی اور مقصد نہیں ہے، اس کے بعد ناظم جلسہ نے پروگرام کے مہمان خصوصی مولانا حسن اسجد مدنی (نبیرۂ شیخ الاسلام) کو خطاب کے لئے دعوت دی اور خطیب موصوف نے اپنے پرمغز اسلامی و روحانی خطاب کے دوران فرمایا کہ اللہ کے نیک بندے وہ ہیں جو برائیوں سے دور رہتے ہیں ، اچھائیوں پر عمل کرتے ہیں ، تکبر نہیں کرتے ، کسی کا مال غصب نہیں کرتے ، کسی کو حقیر نہیں جانتے ، چوری نہیں کرتے ، جھوٹ نہیں بولتے ، کسی کو ناحق نہیں ستاتے ، اپنی زبانوں کی حفاظت کرتے ہیں ، اپنی آنکھوں کی حفاظت کرتے ہیں ، اللہ کے راستے میں خرچ کرتے ہیں ، اللہ اللہ کرتے ہیں ، اللہ والوں کی قدر کرتے ہیں ، علم سے محبت کرتے ہیں ، علما سے محبت کرتے ہیں ، ہم تمام امت مسلمہ کے ہر فرد کی ذمہ دار ی ہے کہ جہاں ہم دینی و اسلامی تعلیم کو حاصل کرتے ہیں وہیں عصری تعلیم کے حصول کے لئے بھی جدو جہد کریں ، ہمارے مسلم نوجوان آج دین سے بے زاری اور بے راہ روی کا شکار ہیں ، راتوں رات موبائل میں منہمک رہتے ہیں ، اپنے وقت کا ضیاع کرتے ہیں ، اسی طریقے سے ہماری مسلم بچیوں میں پے پردگی کا چلن عام ہوچلا ہے ، ہماری شادیوں میں بے جا رسومات اور فضول خرچیاں عروج پر ہیں ، بے حیائی اور بے شرمی اپنی انتہا کو پہنچ رہی ہے ، لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے نفس کا محاسبہ کریں ، اپنے گریبانوں میں جھانکیں اور اپنے نفس کی اصلاح کرتے ہوئے اللہ کے احکام اور نبی اکرم ﷺکے طریقے کو اپنائیں ، اپنی اولاد کی صحیح تربیت کریں ، پڑوسیوں کے حقوق ادا کریں ، اپنی ، اپنے گھروں کی ، اپنے محلوں کی اور اپنے شہروں کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اگر ہم ایسا کرنے والے بن جائیں گے تو ہمارا معاشرہ ایک اچھا معاشرہ کہلائے گا۔صدر جلسہ نے مہمان خصوصی کی ان تمام باتوں کو سراہتے ہوئے عوام الناس سے اپیل کی کہ آپ تمام ان باتوں پر عمل کریں جو خطیب موصوف نے آپ کے سامنے رکھی ہیں اور مجلس کی دعا کرائی ، اس موقع پر علاقے کے علماء ، ائمہ اور کثیر تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی۔