کولمبو، 21فروری (یو این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ وہ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھتے ہیں، مگر اس وقت ان کا دل پوری طرح پاکستان کے ساتھ ہے۔نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے سابق کرکٹر مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ گرین شرٹ پہن کر اپنے ہی ملک کی ٹیم کے خلاف حکمت عملی بنانا ان کے لیے ایک نیا اور منفرد تجربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے وطن کے خلاف کسی دوسرے ملک کی نمائندگی کرنا آسان نہیں، لیکن وہ اس چیلنج کے لیے ذہنی طور پر تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی سات سالہ کوچنگ کے بعد اب وہ پاکستان کے ساتھ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ ان کے بقول ناشتے کی میز پر پرانے ساتھیوں سے ملاقات خوشگوار رہی، تاہم میدان میں ان کی توجہ مکمل طور پر پاکستان کی کامیابی پر مرکوز ہوگی۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے کا پہلا میچ آج پاکستان کرکٹ ٹیم اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا۔












