شعیب رضا فاطمی
نئی دہلی :4 ستمبر ، سماج نیوز سروس::دن بھر کی پوچھ گچھ کے بعد آخر کار عام آدمی پارٹی کے ممبر پارلیا منٹ سنجئے سنگھ کو ای ڈی نے گرفتار کر لیا ۔ اس سے قبل ای ڈی نے شراب گھوٹالہ معاملے میں ان کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا تھا۔ ان کی گرفتاری سے عام آدمی پارٹی میں شدید غصہ ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈروں کا کہنا ہے کہ انڈیا (I-N-D-I-A) اتحاد کی بڑھتی ہوئی طاقت کو دیکھ کر مرکزی حکومت گھبرا گئی ہے۔ جس کی وجہ سے وہ نامناسب اقدام کر رہی ہے۔عاپ کے سینئیر لیڈر راگھو چڈھا نے سنجئے سنگھ کی گرفتاری پر اپنے فوری تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی مایوسی کی وجہ سے ایسا کام کر رہی ہے۔ای ڈی کی کارروائی کے بارے میں آپ لیڈر راگھو چڈھا نے کہا کہ تقریباً پندرہ ماہ سے بی جے پی عام آدمی کارکن پر شراب گھوٹالہ کا الزام لگا رہی ہے۔ پچھلے 15 مہینوں میں اس نے ای ڈی اور سی بی آئی کے ساتھ مل کر 1000 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ کچھ لوگوں کو گرفتار کرنے کے بعد تفتیش کے بہانے مزید 1000 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ لیکن کسی ایجنسی کو ایک پیسہ بھی نہیں ملا۔ یہ بی جے پی آنے والے الیکشن ہارنے جا رہی ہے اور خوف سے ایسا کر رہی ہے جس کی وجہ سے آج ای ڈی نے ہماری پارٹی کے رکن اور ممبر پارلیامنٹ سنجے سنگھ کو گرفتار کیا ہے۔ راگھو چڈھا نے مزید کہا کہ میں صاف کہہ دینا چاہوں گا کہ ای ڈی کو نہ تو ایک پیسہ ملا اور نہ انہیں کوئی ثبوت ملا کیونکہ جب کوئی گھوٹالہ ہی نہیں تھا تو پھر کیا ملے گا۔ خبر کی تفصیل یہ ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہلی ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں آج یعنی بدھ کی صبح عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ ای ڈی نے پہلے اس معاملے میں سنجے سنگھ اور ان سے جڑے دیگر لوگوں کے عملے سے پوچھ گچھ کی تھی اور اس کے بعد ای ڈی نے اپنی چارج شیٹ میں سنگھ کا نام شامل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک درمیانی آدمی دنیش اروڑہ نے انہیں بتایا تھا کہ وہ سنگھ سے ان کے ریستوراں ‘ان پلگڈ کورٹیارڈمیں پارٹی کے دوران ملے تھے۔ چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ 2020 میں سنگھ نے اروڑا سے درخواست کی تھی کہ وہ ریستوران کے مالکان سے دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے عام آدمی پارٹی کے لیے فنڈ جمع کرنے کو کہیں۔












