نئی دہلی، (یواین آئی ) آئی پی ایل 2026 کے آغاز سے قبل ہندوستانی کرکٹ کے لیجنڈ انل کمبلے اور جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈیویلیئرز نے نوجوان بلے باز ابھیشیک شرما کی کارکردگی اور ان کے کھیل کے انداز پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔ پروگرام ‘آئی پی ایل ٹوڈے لائیو میں بات کرتے ہوئے دونوں ماہرین نے ابھیشیک کی جارحانہ بیٹنگ اور اس میں تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔انیل کمبلے نے ابھیشیک شرما کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے ان کا موازنہ سابق ہندوستانی اوپنر وریندر سہواگ سے کیا۔ انہوں نے کہا، میں انہیں سہواگ جیسے کھلاڑی سے جوڑتا ہوں جو ہر گیند پر ہٹ لگانے کی کوشش کرتے تھے۔ سہواگ نے وقت کے ساتھ اپنی اننگز کو آگے بڑھانے کا فن سیکھ لیا تھا اور ابھیشیک کو بھی اب یہی میچورٹی دکھانی ہوگی۔ انہیں یہ سوچنا ہوگا کہ 200 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بناتے ہوئے وہ ٹیم کے لیے کس طرح زیادہ دیر تک کریز پر ٹک سکتے ہیں۔” کمبلے نے مزید کہا کہ ابھیشیک میں ایک عظیم کھلاڑی بننے کی تمام خوبیاں موجود ہیں، لیکن انہیں آف اسپنرز کے خلاف اپنی کمزوری پر قابو پانا ہوگا۔اے بی ڈیویلیئرز نے ابھیشیک کی عمر اور ذمہ داری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا، وہ اب 20 کے نہیں بلکہ 25 سال کے ہو چکے ہیں، یہ وہ مرحلہ ہے جہاں انہیں زیادہ ذمہ داری لینا ہوگی۔ میڈیا کا دباؤ ہوگا اور لوگ ان سے مزید تسلسل کا مطالبہ کریں گے۔ ڈیویلیئرز نے ابھیشیک کو مشورہ دیا کہ وہ مختلف بولرز کے خلاف ‘میچ اپ کو سمجھیں اور جس بولر سے خطرہ محسوس ہو، وہاں تھوڑا صبر دکھا کر دوسرے اینڈ پر چلے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل 2025 میں ابھیشیک کا 200 کا اسٹرائیک ریٹ اور 400 سے زیادہ رنز شاندار تھے، لیکن اب انہیں اپنے مائنڈ سیٹ پر کام کرنا ہوگا۔












