نئی دہلی، ملک کے عازمین حج کے مفاد کی حفاظت کے لیے حکومتی سطح سے لے کر عدالت عظمیٰ تک جدوجہد کرنے والے مرکزی حج کمیٹی کے سابق ممبر حافظ نوشاد احمد اعظمی نے آج مرکزی وزارت حج اور حج کمیٹی آف انڈیا سے مطالبہ کیا کہ حادثاتی بیمہ اسکیم 2005 میں 3 لاکھ روپیے تھی اسے اب 10 لاکھ روپے کیا جائے ۔مسٹر اعظمی آج یہاں شبلی اکیڈمی میں عازمین حج کے ایک اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2005 میں 3 لاکھ کا بیمہ تھا تو اس وقت 80 ہزار روپیے میں حج ہوا کرتا تھا اور اس وقت تقریباً ساڑے 3 لاکھ سے 4 لاکھ تک روپیے لگ رہے ہیں اس لیے یہ حادثاتی اسکیم کی رقم 10 لاکھ روپیے ہونی چاہیے ۔انھوں نے اپنے علاقے کے لوگوں سے کہا کہ اللہ رب العزت نے آپ کے گھر کے لوگوں سے حج جیسے اہم اور پاک سفر کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اور اس کے لیے بنے ادارہ اسٹیٹ حج کمیٹی اور مرکزی حج کمیٹی کو ختم ہونے سے پوری طرح بچانے کا کام لیا ہے ۔ مسٹر اعظمی نے کہاکہ 2021 میں وارانسی ،گیا، رانچی، جے پور،کالی کٹ، بھوپال، اونگ آباد، ناگ پور، یہ امبارگیشن پوائنٹ بند کردیے گئے تھے جسے دوبارہ شروع کرانے میں بھی آپ کے اس بیٹے اور بھائی کا اہم کردار رہا اور اللہ تعالیٰ نے ہماری اور ہماری رفقا کی کوششوں کو قبول کیا ۔مسٹراعظمی نے کہاکہ آج آپ یہاں ہزاروں کی تعداد میں اپنے متعلقین کے ساتھ اکٹھا ہیں جو سفر حج کے لیے جارہے ہیں میری مودبانہ گزارش ہے کہ حج کے معاملات میں آپ لوگ پہلے سے پوری طرح بیدار رہاکریں چوں کہ نظام اگر کوئی اچھا ہوگا تبھی آپ کے متعلقین کو کوئی سہولت مل سکتی ہے اس وقت بیدار ہوکر صرف تسلی کے لیے یہ کام ہوسکتا ہے ۔مسٹر اعظمی نے کہا کہ سفر حج کو پریشان کن بنانے کے لیے کچھ طاقتیں عرصہ دراز سے کوششوں میں مصروف رہی ہیں اور بہت حد تک وہ اپنے منصوبہ میں کامیاب بھی ہوئی ہیں لیکن ہمارے رفقا اور ہماری کوششوں سے ان کے بہت سے منصوبے ناکام ہوئے ہیں مسٹر اعظمی نے کہا کہ حج ہمارا غیر ملکی سفر ہے اور ہمیں ہمیشہ مرکزی حکومت کے انتظام کا محتاج رہنا ہے اس لیے ہمیں جو اچھے نظام قائم ہیں یاقائم تھے ان کی ہرقیمت پہ ہمیں حفاظت کرنی ہوگی۔مسٹر اعظمی نے اسٹیج پر بیٹھے علماے کرام کی طرف اشارہ کرکے کہاکہ گزشتہ 25 برسوں سے یہ لوگ گواہ ہیں کہ ہم نے عازمین حج کے چھوٹے بڑے ہر مسائل پر اپنی حیثیت سے کئی گنا زیادہ اٹھ کر کے کوشش اور جد وجہد کی اور اس سلسلے میں بڑی سے بڑی طاقتوں سے بھی ہماری زور آزمائی ہوئی اور آپ سب لوگوں کی دعا سے اللہ رب العزت نے ہمیں کامیابی عطا کی۔انھوں نے کہاکہ ابھی بہت سے حج کے مسائل پر اہم کام باقی ہیں جس کے لیے انشا ء اللہ میں اپنے ہوش وحواس اور آخری سانس تک جدوجہد کرنے کو تیار ہوں اس جلسہ کا اہتمام الحاج سلیم احمد ضلع حج ٹرینر نے کیا تھا اور صدارت شہر امام مولانا انتخاب عالم قاسمی نے کی۔












