نئی دہلی 24اکتوبر، :سنٹرل کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی (سی سی پی اے) نے دہلی میں کئی آئی اے ایس کوچنگ سنٹرس کے خلاف کارروائی کی ہے۔ آئی اے ایس داخلہ امتحان کی تیاری کرانے والے دہلی کے 20 کوچنگ سنٹرس کے خلاف سی سی پی اے نامناسب کاروباری رویہ کی جانچ کر رہا ہے۔ اتھارٹی نے اس تعلق سے 20 کوچنگ سنٹرس کو نوٹس جاری کر دیا ہے اور 4 اداروں پر 1-1 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جن آئی اے ایس کوچنگ سنٹرس پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے ان میں راؤز آئی اے ایس اسٹڈی سرکل، چہل اکیڈمی، آئی کیو آر اے-آئی اے ایس اور آئی اے ایس بابا شامل ہیں۔ یہ جانچ گمراہ کن اشتہارات اور امتحانات میں کامیاب یا ٹاپرس رہے امیدواروں کی تصویروں کے نامناسب استعمال کے لیے کی جا رہی ہے۔سی سی پی اے کی چیئرپرسن ندھی کھرے نے آئی اے ایس کوچنگ سنٹرس کے خلاف کی جا رہی کارروائی کے بارے میں میڈیا اہلکاروں کو اہم جانکاری دی۔ انھوں نے کہا کہ آئی اے ایس کوچنگ سنٹرس گمراہ کن اور مبالغہ آمیز دعووں کا سہارا لے کر سول سروس کے امیدواروں کو لبھاتے ہیں۔ ندھی کھرے کا کہنا ہے کہ ایسے اشتہارات پر نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی اے نے صارفین تحفظ ایکٹ 2019 کی دفعہ 2(28) کے التزامات کی خلاف ورزی کے لیے ان کے خلاف نوٹس جاری کیا ہے۔ندھی کھرے نے کہا کہ جرمانہ کے حکم کے خلاف راؤز آئی اے ایس اسٹڈی سرکل نے این سی ڈی آر سی میں اپیل داخل کی ہے۔ سی سی پی اے سے نوٹس پانے والے کوچنگ سنٹر آئی اے ایس بابا نے اس کے خلاف التوا لے لیا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ واجی راؤ اینڈ ریڈی انسٹی ٹیوٹ، چہل اکادمی، خان اسٹڈی گروپ آئی اے ایس، اے پی ٹی آئی پلس، اینالاگ آئی اے ایس، شنکر آئی اے ایس، شری رام آئی اے ایس، بائجو آئی اے ایس، اَن اکیڈمی، نیکسٹ آئی اے ایس، درشٹی آئی اے ایس، آئی کیو آر اے آئی اے ایس، ویزن آئی اے ایس، آئی اے ایس بابا، یوجنا آئی اے ایس، پلوٹس آئی اے ایس، اے ایل ایس آئی اے ایس، راؤز آئی اے ایس اسٹڈی سرکل کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔












