پٹنہ،سماج نیوز سروس:بہار قانون ساز کونسل کے ممبر ڈاکٹر خالد انور نے پٹنہ ہائی کورٹ کے ممتاز وکیل اور دانشور ایڈوکیٹ راغب احسن صاحب کے انتقال پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ راغب احسن صاحب محض ایک بہترین وکیل ہی نہیں بلکہ ایک ایسی ہمہ جہت شخصیت تھے جن کی کمی دہائیوں تک محسوس کی جائے گی۔احسن صاحب میرے قریبی رشتہ دارتھے اور ان کے ساتھ میرا تعلق محض سیاسی یا سماجی نہیں بلکہ ایک گہرا قلبی اور خاندانی رشتہ تھا۔ انہوں نے ہمیشہ ایک بزرگ کی طرح میری سر پرستی کی، ان کی وفات میرے لیے ذاتی صدمہ ہے۔خالد انور نے مزید کہا کہ راغب احسن صاحب اپنی علمی بصیرت اور دیانت داری کی وجہ سے اکابر ملت کے نہایت معتمد تھے۔سابق امیر شریعت حضرت مولانا ولی رحمانی صاحبؒ ان پر بے پناہ بھروسہ کرتے تھے اور اہم ملی و قانونی معاملات میں ان کی رائے کو اولیت دی جاتی تھی۔ وہ جامعہ امام ابن تیمیہ، مشرقی چمپارن کے فعال رکن کی حیثیت سے بھی ہمیشہ پیش پیش رہے۔ راغب احسن صاحب نے پٹنہ ہائی کورٹ میں طویل عرصے تک مظلوموں کی وکالت کی اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ سینہ سپر رہے۔ ان کی وفات سے بہار کی علمی، ادبی اور قانونی دنیا میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے۔ڈاکٹر خالد انور نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور تمام پسماندگان و لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔












