نئی دہلی، الحاج شیخ محمد حفیظ اللہ شریف اپنے پورے قافلے کے ساتھ مدرسہ اسلامیہ تعلیم القرآن نبی کریم میں تشریف لائے اور جمعہ کی نماز ادا کی، نماز جمعہ سے قبل کلیدی خطاب میں قوم کے نام بہت اہم پیغام دیا اور اپنے مشن کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا۔ ان کا مشن ہے کہ ہندوستان کے کونے کونے سے علماء، ائمہ اور مؤذنین کو قرعہ اندازی کے ذریعے انتخابات کرا کر عمرے کے سفر پر روانہ کرتے ہیں اور اب تک سینکڑوں سے زیادہ علماء ائمہ اور مؤذنین کو اپنے ذاتی خرچے سے بھیج چکے ہیں۔ اور انہوں نے اپنے کلیدی بیان میں علماء کی فضیلت و اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور فرمایا کہ ولادت سے وفات تک یہی علماء ہمارے کام آتے ہیں ، دین اسلام کا ایک اہم فریضہ ’’نماز‘‘ بھی یہی علماء پوری کراتے ہیں ۔ ہم لوگ تو بیت اللہ کی زیارت کر لیتے ہیں لیکن ہمارے ائمہ کعبہ کب دیکھیں گے ان کی تنخواہیں بہت تھوڑی ہوتی ہیں جس سے صرف ان کی ضرورتیں پوری ہو سکتی ہیں ۔اس لئے ہم سب یعنی جتنے رؤساء و امراء ہیں ان کی ذمے داری ہے کہ ان علماء ، ائمہ اور مؤذنین کو عمرہ کرائیں ۔ الحمدللہ اسی کے پیش نظر میں نے 4 مئی 2023ء کو دہلی سے 10 علماء کرام کو عمرے کے سفر پر بھیجا ہے اور ایک ہفتہ قبل بہار کے سہرسہ ، سوپول، مدھے پورہ و دیگر اضلاع سے 20 علماء کرام کا قرعہ اندازی کے ذریعے انتخاب کر لیا گیا ہے ان کو جلد ہی عمرے کے سفر پر روانہ کیا جائے گا ۔ ان شاء اللہ آخر میں تمام شرکاء عام کی موجودگی میں حضرت کی دستار بندی ہوئ اور اعزاز سے نوازا گیا اور ان ہی کی دعاء پر مجلس کا اختتام ہوا۔ پروگرام کے بعد اجلاس کے صدر مولانا عبدالسبحان قاسمی رکن شوری امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ، صدر جمعیت علماء ہند ضلع چاندنی چوک دہلی و ناظم اعلی مدرسہ اسلامیہ تعلیم القرآن نبی کریم کے گھر پر ظہرانے میں تمام مہمانان کرام شریک ہوئے۔ شرکاء میں مولانا محمد جاوید صدیقی کنوینر سد بھاؤنا منچ جمعیت علماء ہند ، دور جدید کے ایڈیٹر طارق رضا ،جامعہ ہمدرد یونیورسٹی کے ٹیکنیکل انجینئر توحید رضا اور بہت سارے مہمان شریک ہوئے۔ اخیر میں مولانا عبدالسبحان قاسمی نے مہمان محترم شیخ حفیظ اللہ شریف کی خدمت میں ایک فائل بیگ کا ہدیہ اور شکریے کے ساتھ مہمانوں کو رخصت کیا ۔اسی درمیان حاجی محمد اکرم نے 2 علماء کرام کو اپنے ذاتی خرچے سے عمرے کے مبارک سفر پر بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔












