اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور ساری رات کوہسار کمپلیکس میں معافیاں مانگتا رہا، ہم نہیں پوچھتے یہ خود ہی پوچھ لیں وہ کیا کرتا رہا گنڈا پور دو نمبر آدمی ہے اس پر بھروسہ نہ کریں۔یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔بات کرنے کی اجازت ملنے پر خواجہ آصف نے کہا کہ اسپیکر ایاز صادق نے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی پارلیمنٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے بنائی ہے ایسا لگتا ہے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی پی ٹی آئی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے بنائی گئی ہے، میں اس کمیٹی کا ممبر نہیں رہنا چاہتا، جن باتوں کی مذمت ہو چکی کل کمیٹی میں وہی باتیں دہرائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ساری رات گنڈا پور کوہسار کمپلیکس میں معافیاں مانگتا رہا، ہم نہیں پوچھتے یہ خود ہی پوچھ لیں وہ کیا کرتے رہے ساری رات وہاں؟ گنڈا پور دو نمبر آدمی ہے اس پر بھروسہ نہ کریں۔قبل ازیں صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی چھ چھ سات مہینے جیلیں کاٹی ہیں، مجھے نہیں پتا کہ پارلیمنٹ کے اندر سے بھی گرفتاری ہوئی۔ مجھے لگتا ہے کہ باہر سے ہوئی ہیں۔ سیاسی ورکر کی بھی ایک عزت ہوتی ہے شان سے گرفتاری دیں، میری بھی جیل میں ہتھکڑی لگے ہوئے اپنے بچوں سے ملاقات ہوتی تھی، پاکستان میں ہی نہیں ایسا ہوتا بلکہ ہر ملک میں ہوتا ہے۔












