علی گڑھ، : اترپردیش کے ضلع علی گڑھ کے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے اسکول راجا مہندر پرتاپ سٹی ہائی اسکول میں جماعت 10ویں کے کشمیری طالب علم کے کیمپس سے نکلنے کے بعد پر اسرار گمشدگی کے معاملے میں پولس نے مقدمہ درج کیا ہے ۔پولس ذرائع نے بتایا کہ جموں۔کشمیر کے ضلع بارہ مولہ کے سوپور شہر کے رہنے والا مسرور عباس ہائی اسکول کا طالب علم ہے اے ایم یو کے ندیم ترین ہال میں اپنے چچا زاد بھائی عنایت عباس ملک کے ساتھ رہتا ہے ۔جمعرات کو وہ اپنی کلاس جانے کے کے لئے کیمپس سے نکلا لیکن دوبارہ واپس نہیں لوٹا۔مسرور کے چچازاد بھائی عنایت عباس ملک نے پروکٹر آفس کے لئے سول لائن پولس اسٹیشن پر اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ہے ۔سپرنٹنڈنٹ آف پولس(شہر)کلدیپ سنگھ گناوت نے کہا کہ اے ایم یو کے سٹی اسکول کے جماعت دسویں کا طالب گذشتہ دو دنوں قبل غائب ہوا ہے ۔اس حوالے سے ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ طالب علم رام گھاٹ روڈ پر واقع اے ٹی ایم گیا تھا اور وہاں سے اس نے 5ہزار روپئے نکالے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ پتہ چلا ہے کہ وہ علی گڑھ ریلوے اسٹیشن کی جانب جاتا ہوا دکھائی دے رہا ہے ۔پولس پورے معاملے کی تحقیق کررہی ہے ۔ اور گمشدہ طالب علم کو جلد از جلد بازیاب کرلیا جائے گا۔












