دبئی (یو این آئی) کانپور ٹیسٹ میں چھ وکٹیں لینے والے ہندوستانی تیز گیند باز جسپریت بمراہ ہم وطن روی چندرن اشون کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ایک گیندبازبن گئے ہیں، اس کے علاوہ بیٹنگ رینکنگ میں یشسوی جیسوال تیسرے اور وراٹ کوہلی چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق بمراہ 870 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ وہیں آر اشون 869 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ یہ دوسرا موقع ہے جب بمراہ ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ایک بن گئے ہیں۔ اس سے قبل فروری میں بھی وہ نمبر ون بولر بن گئے تھے اور ایسا کرنے والے وہ پہلے ہندوستانی تیز گیند باز تھے۔
کانپور ٹیسٹ میں دو نصف سنچریاں بنا کر میچ کے بہترین کھلاڑی بننے والے اوپنر یشسوی جیسوال اب بلے بازوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جب کہ وراٹ کوہلی ٹاپ 10 میں واپس آکر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ کوہلی نے کم اسکور والے کانپور ٹیسٹ میں 47 اور ناٹ آؤٹ 29 رنز بنائے تھے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف گالے میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں ناقابل شکست 182 رنز بنانے والے کامندو مینڈس اب بلے بازوں کی رینکنگ میں 11 ویں نمبر پر ہیں جب کہ بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز اب ٹیسٹ کرکٹ کے ٹاپ 5 آل راؤنڈرز میں شامل ہو گئے ہیں۔