واشنگٹن(ہ س)۔امریکہ نے جوہری معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کے جواب میں جمعرات کو ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دی۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا، "گذشتہ مہینے کے دوران ایران نے اپنے جوہری پروگرام کو مزید وسعت دینے کے لیے ایسے اقدامات کا اعلان کیا جن کا کوئی قابلِ اعتبار پر امن مقصد نہیں ہے۔نیز انہوں نے کہا، "ہم ایران کو ہر حال میں جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے پر عزم ہیں اور اس نتیجے کو حقیقت بنانے کے لیے تمام تر اقدامات اٹھانے کو تیار ہیں۔” جمعرات کی کارروائی میں تین کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں جن پر ایرانی پیٹرولیم یا پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی نقل و حمل میں ملوث ہونے کا الزام ہے اور اس کے ساتھ 11 متعلقہ بحری جہاز بھی شامل ہیں۔اس ماہ کے شروع میں سات امیر ممالک کے گروپ (جی سیون) نے ایران کو جوہری افزودگی کے پروگرام میں پیش رفت کے خلاف خبردار کیا اور کہا تھا کہ اگر تہران نے بیلسٹک میزائل روس کو منتقل کیے تو وہ نئے اقدامات نافذ کرنے کے لیے تیار ہوں گے۔












