واشنگٹن (ہ س)۔ امریکہ نے ایران کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے۔ ایران پر اسرائیل کے حملے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو اب اپنے جوہری پروگرام پر سمجھوتہ کرلینا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کو یا تو سمجھوتہ کرنا پڑے گا یا اس سے بھی زیادہ تباہ کن اور مہلک فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر کہا، "پہلے ہی بہت زیادہ ہلاکتیں اور تباہی ہو چکی ہے۔ اس قتل عام کو ختم کرنے کا ابھی بھی وقت ہے۔ ایران کو سمجھوتہ کر لینا چاہیے اس سے پہلے کہ کچھ باقی نہ رہے۔ یہ وقت ایرانی سلطنت کو بچانے کا ہے۔” انہوں نے کہا کہ ایران کو کئی بار فوجی کارروائی سے خبردار کیا گیا۔ پھر بھی اس نے معاہدے پر رضامندی سے انکار کر دیا۔انہوں نے لکھا، "میں نے ایران کو سمجھوتے کے کئی مواقع دیے۔ میں نے انہیں سخت ترین الفاظ میں کہا، بس کرو، اس کے باوجود وہ نہیں مانے۔” اے بی سی نیوز چینل کے مطابق صدر ٹرمپ نے تہران پر اسرائیلی حملوں کے بعد فاکس نیوز کے بریٹ بائر سے فون پر بات کی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ حملوں سے باخبر تھی، لیکن وہ عسکری طور پر ملوث نہیں تھی۔ اب اسے امید ہے کہ ایران دوبارہ معاہدے پر مذاکرات کی طرف آئے گا۔ ٹرمپ نے اس گفتگو میں جو بڑی بات کہی وہ یہ تھی کہ ایران کے پاس جوہری بم نہیں ہو سکتا۔












