تہران، (یو این آئی) ایران کے اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی لاریجانی نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ جھڑپوں کے دوران کئی امریکی فوجیوں کو ایرانی افواج نے قیدی بنا لیا ہے اور امریکہ اس حقیقت کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ مسٹر لاریجانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اتوار کے روز کی گئی ایک پوسٹ میں کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ کئی امریکی فوجیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ امریکی فریق یہ کہہ رہا ہے کہ وہ جنگ میں مارے گئے ہیں، لیکن یہ حقیقت زیادہ دیر تک چھپی نہیں رہ سکے گی۔گزشتہ ماہ کے آخر سے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے شروع کیے جانے کے بعد خطے میں تنازعہ تیز ہو گیا ہے۔ اس کے جواب میں ایران کی مسلح افواج، خاص طور پر اسلامک ریولوشنری گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے کئی حساس اور اسٹریٹیجک مقامات کو نشانہ بناتے ہوئے سیکڑوں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے جوابی حملے کیے ہیں۔ اس سے ایک دن پہلے مسٹر لاریجانی نے خبردار کیا تھا کہ امریکہ کی کارروائی کا جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو سمجھنا چاہیے کہ ایران کے صبر کو توڑنے اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرنے کے سنگین نتائج ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی عزم کی بنیاد پر ایران امریکی جارحیت کو جواب دیے بغیر نہیں چھوڑے گا اور اسے جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔مسٹر لاریجانی نے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ کی وسیع حکمتِ عملی ناکام رہی ہے۔












