بلال بزاز
سرینگر ،سماج نیوز سروس:جموں کشمیر کے تین روزہ دورے جموں کشمیر کے آخری دن وزیر داخلہ امیت شاہ نے سرینگر میںجموں کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جس دوران انہوں نے امن و امان کی فضا کو قائم رکھنے اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی سیکورٹی فورسز کو ہدایت دی ۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ امیت شاہ نے دورے جموں کشمیر کے آخری دن راج بھون سرینگر میں یونیفائیڈ ہیڈ کوارٹر کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جموں و کشمیر سے دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کرنے اور سرحد کے اس پار سے دراندازی کو ختم کرنے پر زور دیا۔میٹنگ میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سیکرٹری گووند موہن، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر تپن ڈیکا، فوجی سربراہ جنرل اپیندر دویدی، جی او سی ناردرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل سچندرا کمار، ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف، جی او سی 15کور، جی او سی 16 کور، جی او سی 9 کور، جموں کشمیر پولیس سربراہ ،جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری سمیت بی ایس ایف اور سی آر پی ایف کے علاوہ دیگر افسران موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ امیت شاہ کو جموں و کشمیر میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی جانکاری دی گئی ۔ اس کے علاوہ لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کے ساتھ والے علاقوں کی صورتحال، سرحد پار سے دراندازی کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران معلوم ہوا ہے کہ امیت شاہ نے تشدد سے پاک رکھنے اور قانون کی حکمرانی کو نمایاں طور پر بحال کرنے کیلئے سیکورٹی ایجنسیوں اور مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کیا جائے تاکہ ملی ٹنٹوں کا خوف نہ ہو۔ انہوں نے سیکورٹی گرڈ کے کام کاج کا جائزہ لیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں جموں کشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ ترقیاں کاموں کی رفتار بھی زیر غور آئیں ۔ اس موقعہ پر میٹنگ سے خطا ب کرتے ہوئے امیت شاہ نے اعلیٰ سیکورٹی افسران کو ہدایت دی کہ وہ جموں کشمیر میں سرگرم دہشت گردوں اور ان کی حمایت کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔وزیر داخلہ نے کشمیر میں جاری پرامن صورتحال اور مقامی دہشت گردوں کی بھرتی کے اب تک کے سب سے کم گراف پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران جموں و کشمیر سے دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کرنے اور سرحد کے اس پار سے دراندازی کے مکمل خاتمہ پر زور دیا۔ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ وہ سرحد پار سے دراندازی کو یقینی بنانے اور اندرونی علاقوں میں دہشت گردوں کے لیے زیرو ٹالرنس کو یقینی بنانے کے لیے مکمل ہم آہنگی سے کام کرے۔ذرائع نے مزید کہا کہ فورسز کی آپریشنل کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امیت شاہ نے جموں و کشمیر سے دہشت گردی کے خاتمے پر زور دیا، خاص طور پر جموں ڈویژن میں ایسا کرنے کا ذکر کیا۔وزیر داخلہ نے آنے والے موسم گرما کے مہینوں کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا جب امرناتھ یاترا ہو گی اور یوٹی میں سیاحت اپنے عروج پر پہنچ جائے گی۔