سرینگر، لائن آف کنٹرول پر کپواڑہ کے مژھل علاقے میں فوج و پولس نے دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دوملی ٹنٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔دفاعی ترجمان نے جھڑپ میں دوملی ٹنٹوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگلات میں وسیع آپریشن جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹنٹ دراندازی کرکے اس پار داخل ہونے کی کوشش میں تھے ۔ اس ضمن میں ملی تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر کپواڑہ کے مژھل علاقے میں ایک سے دو عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج اور جموںکشمیر پولس کے خصوصی ٹیم نے جنگلات کومحاصرے میں لیا اور وہا ں تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جونہی جنگلات میںتلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا تو وہاں موجود ملی ٹنٹوںنے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی علاقے میں دو بدو جھڑپ شروع ہوئی ۔
ذرائع کے مطابق جنگلات میںکچھ وقت تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں آس پاس کے علاقہ لرز اٹھے جبکہ فائرنگ کے ساتھ ہی سیکورٹی فورسز کی مزید کمک علاقے میںروانہ کی گئی جنہوں نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیا اور جنگجوئوںکے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق جنگلات میںکچھ وقت تک گولیوں کے تبادلے کے بعد جونہی خاموشی چھا گئی تو جھڑپ کے مقام سے دو ملی ٹنٹوں کی نعشیں بر آمد کر لی گئی ۔ سرینگر میں مقیم فوج کے دفاعی ترجمان نے ا سکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فوج اور سیکورٹی فورسز نے مشتر کہ طور پر مژھل کپواڑہ میں کنٹرول لائن پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنایا جس دوران دوملی ٹنٹ مارے گئے۔ انہوںنے بتایا کہ پورے جنگلات میں وسیع تلاشی آپریشن بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ دفاعی ترجمان کے مطابق مار ے گئے ملی ٹنٹوں کے قبضے سے دو اے کے 47رائفلیں ، 06میگزین ، 159گولیوں کے رونڈ ، دو گرینیڈ پاکستانی مارکنگ کے ساتھ کھانے کی اشیاء اور سگریٹ کے علاوہ پاکستانی کرنسی بھی بر آمد کر لی گئی ۔