حیدرآباد30اکتوبر: آندھراپردیش میں وجئے نگرم میں کل شام پیش آئے ٹرین حادثہ میں مہلوکین کی تعداد 14ہوگئی ہے ، ان میں سے تقریبا 11لاشوں کی شناخت کا کام کرلیاگیا ہے ۔مزید تین لاشوں کی شناخت کا کام جاری ہے ۔وجئے نگرم کے سرکاری اسپتال میں تقریبا 25زخمی زیرعلاج ہیں۔ایک زخمی کو بہتر علاج فراہم کرنے کے لئے کے جی ایچ منتقل کیاگیا۔مہلوکین میں سریکاکلم ضلع کی 35سالہ لکشمی،وجئے نگرم ضلع کی 30سالہ بھارتی روی،وجئے نگرم ضلع کا 32سالہ ستیش،وجئے نگرم ضلع کی 45سالہ کے اے نائیڈو،رائے گڑھ پاسنجرٹرین کا لوکوپائلٹ ایس ایچ ایس راو،وشاکھاپٹنم پاسنجر ٹرینکا گارڈاوردیگرشامل ہے ۔6لاشوں کووجئے نگرم کے سرکاری اسپتال منتقل کردیاگیاجبکہ ایک لاش کو ایک اور اسپتال لے جایاگیا۔دریں اثناءآندھراپردیش کے وجئے نگرم ضلع میں ٹرین حادثہ کے بعد ٹریک کی بحالی کا کام جنگی خطوط پر کیا جا رہا ہے ۔ حادثہ میں نقصان سے دوچار بوگیاں بڑی مشینوں کی مدد سے نکالی گئیں۔ بوگیوں کو ہٹانے کے لیے وشاکھا سے باہوبلی کرین لائی گئی ہے ۔مقام حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے عملے کے ساتھ این ڈی آر ایف، اے سی آر ایف، آر پی ایف اور دیگر محکموں کے عہدیداروں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ جائے وقوعہ پر دو ایمبولنس گاڑیاں دستیاب کرائی گئیں۔ پولیس مقامی افرادکو وہاں آنے سے روک رہی ہے ۔ اے پی کے وجئے نگرم میں ٹرین حادثہ کی جانچ کیلئے اعلی سطحی جانچ ٹیم مقام واقعہ پر پہنچ گئی ہے ۔کمشنر آف ریلوے سیفٹی کی ٹیم سکندرآباد سے وجئے نگرم پہنچی۔پرانوسکسینہ کی قیادت میں یہ جانچ ٹیم اس حادثہ کی جانچ کررہی ہے ۔یہ ٹیم حادثہ کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔سگنلنگ یا بجلی کے مسئلہ کے سبب یہ حادثہ پیش آیا، اس زاویہ سے بھی جانچ کی جارہی ہے ۔ آندھرا پردیش حکومت نے وجئے نگرم ٹرین حادثہ میں ریاست سے تعلق رکھنے والے مہلوکین کے ارکان خاندان کو فی کس 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس دولاکھ روپئے مالی مدد کا اعلان کیاجبکہ دیگرریاستوں سے تعلق رکھنے والے مہلوکین کے ارکان خاندان کو فی کس دو لاکھ روپئے اور زخمیوں کے لئے 50ہزارروپئے معاوضہ دیاجائے گا۔
اے پی ٹرین حادثہ۔راہل گاندھی نے دکھ کااظہار کیا
حیدرآباد30اکتوبر:کا نگریس لیڈرراہل گاندھی نے اے پی میں پیش آئے ٹرین حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے اس حادثہ میں مرنے والے افراد کے ارکان خاندان سے تعزیت ظاہر کی۔سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ایکس پر سرگم راہل گاندھی نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا’آندھراپردیش کے وجئے نگرم میں ٹرین حادثہ میں بیشتر اموات اورزخمیوں کی خبر پر دکھ ہوا۔میں غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کااظہار کرتاہوں اور زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے امید کرتاہوں‘۔












