نئی دہلی ، حکومت دہلی کے ماتحت حج امور کی انجام دہی کےلئے قائم دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی گذشتہ ماہ انتظامیہ کمیٹی کی تشکیل کے بعد اب حکومت دہلی نے نئے ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر اشفاق احمد عارفی کی تقرری کردی ہے۔ گذشتہ24 مارچ 2023کو حکومت دہلی کے سروسیز محکمہ کے سرکلر نمبر106 کے ذریعہ موجودہ ایگزیکٹو آفیسر جاوید عالم کی جگہ اشفاق احمد عارفی کو حج کمیٹی کا دوسری بار ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیاہے۔آج حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں نے ان کو حج منزل میں عہدے کا چارج سپرد کیا اور آئندہ حج بیت اللہ کے انتظامات سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاءاللہ اس سال حج امور کی انجام دہی تمام تر ممبران ، عہدیداران اور رضاکاران کی شرکت اور تعاون سے بہتر سے بہتر طور پر کی جائے گی۔ واضح ہو کہ اس سے پہلے اشفاق احمد عارفی اگست2014سے ستمبر 2020تک مسلسل چھ سال دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر کی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اب جبکہ حج درخواست فارم پر کرنے کا سلسلہ گذشتہ 20 مارچ2023کو ختم ہو چکا ہے اوراس سال کل 4110حج درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور عنقریب ہی حج بیت اللہ2023کے عازمین حج کے انتخاب کے لیے قرعہ اندازی کی جائے گی۔ ایسے موقع پر اشفاق احمد عارفی کو انکے حج امور کی انجام دہی کے سلسلے میں حاصل طویل تجربے کی بنیاد پر دوبارہ مقرر کیا گیا ہے۔ حج کمیٹی کے ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر جناب محسن علی نے اس سلسلہ میں پریس بیانیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسیٹی سے اعلیٰ تعلیم یافتہ جناب اشفاق احمد عارفی کو حکومت دہلی کے مختلف محکموں میں انتظامی امور کی انجام دہی کا تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے سال 2000 میںبراہ راست یونین سروسیز کمیشن سے حکومت دہلی کے محکمہ فن، ثقافت و السنہ میں اردو آفیسر کی بارہ سال تک خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ دہلی قانون ساز اسمبلی میں ڈپٹی سکریٹری اور دہلی وقف بورڈ میں ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ذمہ داری بھی سنبھال چکے ہیں۔ ان دنوں وہ رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹیز میں اسسٹنٹ رجسٹرار کو آپریٹوکے طورپر فائز تھے اور اپنی علمی و ادبی سرگرمیوں کی بنیاد پر دہلی کے سماجی اور ثقافتی حلقے میں ایک منفرد شناخت رکھتے ہیں۔












