آل انڈیاملی کونسل بہارکے شعبہ تعلیم برائے عصری علوم کی کمیٹی کی آج ایک میٹنگ ریاستی دفترپھلواری شریف،پٹنہ میں ہوئی۔اس میٹنگ کی صدارت کونسل کے قومی نائب صدرملی کونسل مولاناانیس الرحمن قاسمی نے کی۔انہوں نے کہاکہ ہمارے تعلیمی ادارے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، پڑھانے والے ہمارے اساتذہ تعلیمی اداروں کی روح ہیں اوراس پرتشویش کا اظہار کیا گیا کہ معیاری تعلیم کے لیے جومحنت طلبہ کی ہونی چاہئے،اس میں کمی ہے، اس لیے اس کمی کو تعلیمی اداروں کی سطح پر دورکرنے کی تحریک چلانی چاہئے۔جب ان میں خوداسلامی تعلیم کی اسپرٹ ہو اوران کی فکر سازی نبوی اصول پر کی گئی ہو۔انہوں نے آج کی میٹنگ میں اپیل کی ہے کہ ہرضلع میں ملی اسٹڈیزسینٹرکے لیے اصحاب خیرزمین ومکان فراہم کرے،تاکہ مشن 2050کے تحت منصوبہ بندطریقہ پرملت کی تعمیرنوکاکام کیاجاسکے۔
اس میٹنگ میں ہرضلع میں ملی اسٹڈیزسینٹرکھولنے اورنیٹ جے آرایف کی کوچنگ کرانے کے سلسلے میں غوروخوض کیاگیااورہرطرح سے جائزہ لیاگیا،اتفاق رائے سے یہ بات طے کی گئی کہ آئندہ تعلیمی سال میں پلس ٹوکوچنگ کانظم کیاجائے گانیزیہ بات بھی طے پائی کہ ابتداًپلس ٹوکی کوچنگ کانظم کی جائے،پھرنیٹ اوردیگرمقابلہ جاتی امتحانات کے لیے بھی کوچنگ کرایاجائے۔اسی طرح ڈی ایل ایڈاوربی ایڈکے امتحانات کے لیے کوچنگ کرایاجائے،تاکہ ان امتحانات میں مسلم طلبہ کی نمائندگی میں اضافہ ہو۔پہلے مرحلے میں نجم مشن اسکول،پھلواری شریف،مظفرپور،سوپول دربھنگہ اورناڑی دربھنگہ،فاربس گنج ارریہ،مغربی چمپارن میں ملی اسٹڈی سینٹرقائم کیاجائے۔ملی کونسل اورنجم مشن اسکول کے اشتراک سے پھلواری شریف کے نجم مشن اسکول میں صباحی مکتب شروع کیاجاچکاہے۔اس میٹنگ میں اپیل کی گئی ہے کہ اس مکتب میں اپنے بچوں اوربچیوں کاداخلہ کرائیں،واضح ہوکہ اس مکتب میں داخلہ اورتعلیم کے لیے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔مفتی محمدنافع عارفی کارگزارجنرل سکریٹری نے کہاکہ الحمد للہ آل انڈیا ملی کونسل نے BPSCکی تیاری کے لیے آن لائن کلاسیں چلائیں،جس میں 60/بچوں نے شرکت کی۔اسی طرح مظفر پورمیں ملی کوچنگ سنٹرشروع کیا گیا ہے،جو جامعہ /علی گڑھ انٹرنس کی تیاری اوردیگر کورسوں میں داخلہ کی تیاری کروارہا ہے۔مفتی جمال الدین کی تلاوت سے اس میٹنگ کاآغازہوا۔اس میٹنگ میں جن لوگوں نے شرکت کی ان میں جناب سیداعجازہاشمی صاحب سابق ڈائریکٹرایجوکیشن ڈپارٹمنٹ،سیدشمس الحسین صاحب کنوینرشعبہ تعلیم برائے عصری علوم،نجم الحسن نجمی چیرمین نجم فاؤنڈیشن ورکن ملی کونسل نئی دہلی ونائب کنوینرشعبہ تعلیم برائے عصری علوم، سیدامانت حسین صاحب،سکریٹری،مجلس علماء خطباء امامیہ،بہار،مولاناصدرعالم ندوی وغیرہ کے نام قابل ذکرہے۔












