ننگبو (چین)، ( یو این آئی)ہندوستان کے ابھرتے ہوئے بیڈمنٹن اسٹار آیوش شیٹی نے ایشین بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2026 میں ایک بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئے دنیا کے چوتھے نمبر کے کھلاڑی اور ٹورنامنٹ کی تیسری سیڈ حاصل کرنے والے انڈونیشیا کے جوناتھن کرسٹی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی آیوش نے ایونٹ میں اپنے لیے تمغہ بھی یقینی بنا لیا ہے۔سیمی فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی آیوش شیٹی نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔وہ 2018 میں ایچ ایس پرنے کے بعد اس براعظمی ٹورنامنٹ میں تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی مرد سنگلز کھلاڑی بن گئے ہیں۔2023 میں چراغ شیٹی اور ساتوک سائی راج رینکی ریڈی کے مینز ڈبلز گولڈ میڈل کے بعد یہ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کا پہلا تمغہ ہوگا۔عالمی درجہ بندی میں 25ویں نمبر پر موجود آیوش نے انڈونیشیا کے تجربہ کار اولمپین جوناتھن کرسٹی کو اسٹریٹ گیمز میں 21-23 اور 17-21 سے شکست دی۔آغاز سے ہی کانٹے کا مقابلہ رہا۔ کرسٹی ایک موقع پر 15-18 سے آگے تھے اور گیم پوائنٹ پر پہنچ گئے تھے، لیکن آیوش نے شاندار اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپسی کی اور ٹائی بریکر میں پہلا گیم اپنے نام کیا۔آیوش نے دوسرے گیم میں بھی اپنی برتری برقرار رکھی۔ مڈ گیم بریک تک وہ 9-11 سے آگے تھے، جس کے بعد انہوں نے حریف کھلاڑی کو واپسی کا موقع نہیں دیا اور تاریخی فتح حاصل کی۔اس ٹورنامنٹ میں آیوش شیٹی ایک ‘جائنٹ کلر کے طور پر ابھرے ہیں۔ انہوں نےپہلے راؤنڈ میں عالمی نمبر 7 اور ایشین گیمز چیمپئن لی شی فینگ کو ہرا کر سب کو حیران کر دیا۔کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر 4 جوناتھن کرسٹی کو زیر کیا۔سیمی فائنل میں آیوش شیٹی کا مقابلہ تھائی لینڈ کے اولمپک سلور میڈلسٹ کنلاوت وتیدسرن یا چین کے وینگ ہونگ یانگ کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہوگا۔ آیوش شیٹی کی اس غیر معمولی کارکردگی نے ہندوستانی بیڈمنٹن کے مستقبل کے حوالے سے نئی امیدیں جگا دی ہیں۔ ان کی نظریں اب سیمی فائنل میں جیت درج کر کے گولڈ میڈل کی طرف بڑھنے پر مرکوز ہیں۔












