اولان بٹار (منگولیا)، (یو این آئی) ہندوستانی مکے باز آدتیہ پرتاپ یادو نے جمعرات کے روز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ‘ایشیائی مکے بازی چیمپئن شپ 2026’ میں مردوں کے 65 کلوگرام وزن کے زمرے میں کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ آج یہاں کھیلے گئے یکطرفہ مقابلے میں آدتیہ نے سعودی عرب کے موسیٰ الوساوي کو 0-5 سے شکست دی۔ اب سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ان کا مقابلہ ازبکستان کے عبداللہ مدامینوف سے ہوگا۔ٹورنامنٹ میں اب تک ہندوستان کے دیگر مکے بازوں نے بھی متاثر کن آغاز کیا ہے۔ وشواناتھ سریش (50 کلوگرام)، سچن (60 کلوگرام)، پریا (60 کلوگرام)، پریتی پنوار (54 کلوگرام) اور دیپک (70 کلوگرام) اپنے ابتدائی راؤنڈ کے مقابلے جیت کر اگلے مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔ تاہم، جادومنی سنگھ (55 کلوگرام) کو اپنے پہلے ہی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ٹورنامنٹ کے باقاعدہ آغاز سے قبل، اولمپک میڈلسٹ لولینا بورگوہین (75 کلوگرام) اور سابق ورلڈ چیمپئن نکہت زرین (51 کلوگرام) کو ان کے ابتدائی راؤنڈ میں ‘بائی (براہِ راست اگلے راؤنڈ میں رسائی) دی گئی تھی۔ موجودہ ورلڈ چیمپئن میناکشی ہڈا اور جیسمین لمبوریا کے ساتھ ساتھ اولمپین پوجا رانی بھی ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہیں، جو جلد ہی اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔ ان مکے بازوں کی شاندار کارکردگی ایشیائی سطح پر ہندوستان کی ایک نئی پہچان بن کر ابھر رہی ہے۔












