نئی دہلی، (یو این آئی): اولان باتور میں جاری ایشین باکسنگ چیمپئن شپ 2026 کے تیسرے دن ہندوستان کے وشواناتھ سریش اور سچن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے مقابلے جیت کر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔مردوں کے 50 کلوگرام زمرے میں، وشواناتھ سریش نے کرغزستان کے بیکزات ایرگیشوف کے خلاف تکنیکی مہارت اور رنگ میں بہترین توازن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پورے مقابلے پر اپنی گرفت برقرار رکھی اور ججز کے متفقہ فیصلے کے تحت 0-5 سے کامیابی حاصل کی۔ اگلے راؤنڈ میں وشواناتھ کا مقابلہ قازقستان کے سانژار تاشکن بے سے ہوگا، جو موجودہ ورلڈ چیمپئن اور 2025 کے ورلڈ کپ فاتح ہیں۔مردوں کے 60 کلوگرام کیٹیگری میں، سچن نے منگولیا کے بائندلائی بائرخو کے خلاف انتہائی پرسکون انداز میں باکسنگ کی۔ ایک سخت مقابلے کے بعد، سچن نے دباؤ میں بہتر حکمت عملی اپناتے ہوئے 1-4 کے ‘اسپلٹ ڈیسیژن سے جیت اپنے نام کی۔ اب ان کا اگلا مقابلہ چائنیز تائی پے کے چینگ وائی لی سے ہوگا۔ایشین باکسنگ چیمپئن شپ 2026 میں پورے براعظم کے نامور باکسرز تمغوں کی دوڑ میں شامل ہیں۔ ہندوستان نے پہلے ہی دن سے اپنی مہم کا آغاز مضبوط انداز میں کیا تھا: ہندوستانی باکسرز کی حالیہ فتوحات نے میڈل راؤنڈ تک پہنچنے کی امیدوں کو مزید تقویت دی ہے۔












