دیوبند،سماج نیوزسروس: بہٹ اسمبلی حلقہ کے کسانوں کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ مقامی رکن اسمبلی عمر علی خان کی جانب سے اسمبلی میں اٹھائے گئے مطالبے پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ اتر پردیش اسمبلی کے اسپیکر ستیش مہانا نے بہٹ علاقے میں دھان اور گیہوں کے سرکاری خرید مراکز قائم کرنے کی تجویز کو منظور کر لیا ہے۔تفصیل کے مطابق اسمبلی اجلاس کے دوران رکن اسمبلی عمر علی خان نے اتر پردیش کی ضابط? کار و طریقہ کار2024 کے قاعدہ 51 کے تحت کسانوں کے مسائل کو سنجیدگی سے ایوان میں پیش کیا تھا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بہٹ کے کسانوں کو اپنی فصل فروخت کرنے کے لیے دور دراز علاقوں یا دیگر ریاستوں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث انہیں مالی بوجھ اور وقت کے ضیاع کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں خصوصی سکریٹری محمد مشاہد کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو بھی مکتوب ارسال کیا گیا ہے۔ رکن اسمبلی کی مسلسل کاوشوں کے بعد اب بہٹ میں دھان اور گیہوں کے خرید مراکز کے قیام کی امید روشن ہو گئی ہے۔ اگر یہ مراکز قائم ہو جاتے ہیں تو مقامی کسانوں کو اپنی پیداوار کی مناسب قیمت اپنے ہی علاقے میں حاصل ہو سکے گی، ساتھ ہی نقل و حمل کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ علاقے کے کسانوں اور معززین نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی خرید مرکز کے قیام کا عملی عمل شروع کیا جائے گا۔












