نئی دہلی ،پریس ریلیز، ہماراسماج:حج 2024کے لیے مقدس شہروں مکہ اور مدینہ کو روانگی کے پہلے مرحلے میں9 مئی سے ہندوستان سے عازمین حج کی روانگی کے درمیان دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے آج حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی اور ڈپٹی ایگزیکٹیو آفیسر محسن علی کے ساتھ دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں لگائے گئے حج کیمپ کا معائنہ کیا اور ہر قسم کی دستیاب خدمات کو مسلسل جاری رکھنے پر زور دیا۔ حج کیمپ میں ہر ممکن بہتری کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران اور ملازمین کو ہدایات جاری کی گئی۔واضح رہے کہ 9 مئی سے اب تک 26 حج پروازوں کے ذریعے تقریباً 8920 عازمین حج مقدس شہر مدینہ پہنچ چکے ہیں۔ مدینہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق، مجموعی طور پر عازمین حج حکومت ہند کی طرف سے مدینہ میں کئے گئے انتظامی اور طبی خدمات سے مطمئن اور خوش ہیں۔ مدینہ منورہ میں آٹھ روزہ قیام کے دوران مسجد نبوی میں چالیس نمازیں ادا کرنے اور وہاں روضہ رسول پر حاضری دینے کے بعد عازمین حج کا پہلاقافلہ 18 مئی سے مقدس شہر مکہ روانہ ہو گا۔ مقدس حج ادا کرنے اور 40 سے 45 دن حج کے سفر میں گزارنے کے بعدحجاج کرام 22 جون 2024 سے ہندوستان واپس آنا شروع ہو جائیں گے اور ایک بار پھر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کو ان کی ملک واپسی پر استقبال اور خوش آمدید کہنے کا موقع حاصل ہوگا۔












