سیڈنی:آسٹریلیا نے جمعرات کو سات اسرائیلی آباد کاروں اور نوجوانوں کے ایک گروپ پر مالی اور سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں جن کے بارے میں کہا گیا کہ وہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں ملوث تھے۔
وزیرِ خارجہ پینی وونگ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ گروپ فلسطینیوں کے خلاف تشدد پر اکسانے اور اس کا ارتکاب کرنے کا ذمہ دار تھا جبکہ آباد کار زدوکوب کرنے، جنسی زیادتی اور تشدد اور بعض صورتوں میں موت کے واقعات میں ملوث تھے۔
وونگ نے کہا، "ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آباد کاروں پر تشدد کے مرتکب افراد کا محاسبہ کرے اور اپنی آبادکاری کی جاری سرگرمیاں بند کرے جس سے صرف کشیدگی کو ہوا ملتی ہے اور استحکام اور دو ریاستی حل کے امکانات کو مزید نقصان پہنچتا ہے۔”
اسرائیلی اتحادیوں برطانیہ، امریکہ، کینیڈا اور جاپان کی جانب سے مغربی کنارے میں تشدد کے ردِعمل میں کچھ اسرائیلی آباد کاروں پر پابندیوں کے بعد آسٹریلوی حکومت کا یہ اقدام سامنے آیا ہے۔آسٹریلیا میں اسرائیل کے سفارت خانے نے تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔آسٹریلیا مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کو غیر قانونی اور امن کی راہ میں رکاوٹ سمجھتا ہے۔












