تہران، (یو این آئی) ایران کے آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایرانیوں کو غلام بنانے کا خواب قبروں میں جائے گا۔ ایرانی آرمی چیف نے اپنے جاری ایک بیان میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانیوں کو غلام بنانے کا خواب دیکھنے والوں کے ساتھ ان کی قبروں میں جائے گا۔ امیر حاتمی کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے بیٹے دفاع وطن سے پیچھے نہیں ہٹے، اور وہ اپنی پوری طاقت سے دشمن کو جواب دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے سے طے اور مشق شدہ منصوبے کے تحت حکمت عملی اپنائے ہوئے ہیں، ڈرون، فضائی دفاع اور نیوی بھرپور کوآرڈینیشن سے کام کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے دو روز سے جاری حملوں میں اب تک 560 امریکی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ تاہم امریکا اس کی تردید کر رہا ہے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور اسرائیلی فضائیہ کے دفتر کو خیبر میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ ان کے حالیہ میزائل حملوں میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر اور اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ کے ہیڈ کوارٹر کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے بیان کے مطابق صہیونی حکومت کے مجرم وزیراعظم کے دفتر اور فضائیہ کے کمانڈر کے ہیڈ کوارٹر پر حملے کیے گئے ہیں، بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ ان حملوں میں جدید خیبر میزائلوں کا استعمال کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے ایک نئے بیان میں کہا ہے کہ اس نے ایران کے نائب وزیرِ انٹیلیجنس برائے اسرائیلی امور سید یحییٰ حمیدی کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بیان کے مطابق وزارتِ انٹیلیجنس کے جاسوسی ڈویژن کے سربراہ جلال پور حسین بھی مارے گئے ہیں، جبکہ دیگر ریجیم اہلکار بھی اس کارروائی میں شہید ہوئے ہیں۔ اسرائیلی افواج نے یہ وضاحت نہیں کی کہ یہ کارروائی کب، کہاں اور کس طریقے سے کی گئی۔ تاہم فوج نے مزید کہا ہے کہ ایران کی وزارتِ انٹیلی جنس کا ہیڈکوارٹر تہران میں کچھ دیر پہلے نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ برطانوی بحری سیکیورٹی ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیر کے روز بحرین کی ایک بندرگاہ پر کھڑے جہاز کو نامعلوم میزائلوں نے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران خلیج میں اپنی انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق انہیں بحرین کی بندرگاہ پر ایک واقعے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ کمپنی کے سیکیورٹی آفیسر نے بتایا کہ جہاز کو دو نامعلوم گولوں سے نشانہ بنایا گیا جس سے آگ لگ گئی۔ تاہم خوش قسمتی سے آگ پر قابو پا لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جہاز کے عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں اور انہیں جہاز سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر مزید میزائل داغ دیے ہیں، دفاعی نظام ایرانی میزائلوں کو ناکارہ بنا رہا ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل حملوں کے بعد شہریوں کو پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ دوسری جانب ایران کے دارالحکومت تہران میں بھی دوبارہ دھماکے سنے گئے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق زوردار دھماکے ہوئے ہیں تاہم واضح نہیں ہوسکا ہدف کیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ نئے حملوں میں ایرانی ملٹری کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنایا ہے، پاسداران انقلاب کے ہیڈکوارٹرز پر بھی بمباری کی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ درجنوں ایرانی ملٹری کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنایا گیا ہے جب کہ پاسداران انقلاب کے ایئرفورس کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا ساتھ ہی ایران میں وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹرز پر بھی نئے حملے کیے گئے۔ ایرانی حکام اور میڈیا نے نئے حملوں کے والے سے فی الحال کوئی ردعمل جاری نہیں کیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ تہران میں حملے بڑھیں گے۔ نیتن یاہو نے آئندہ دنوں میں تہران پر فضائی حملے تیز کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی فوج ایران کے خلاف اپنی مہم میں "ابھی مکمل طاقت” سے نہیں ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی فوج نے آج ملک بھر میں 10 جدید ڈرونز گرانے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد اب تک مار گرائے گئے ڈرونز کی کل تعداد 22 ہوگئی ہے۔ ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ وقت بھرپور مزاحمت کا ہے، ہم ہر ممکن طاقت کے ساتھ جوابی وار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ہم نے ابھی تک اپنی سب سے طاقتور فوجی صلاحیتیں بشمول بعض جدید میزائل سسٹم استعمال ہی نہیں کیے۔ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں دشمن کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی اہلیہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی اہلیہ جو اسی امریکی اسرائیلی حملے میں زخمی ہوئی تھیں جس میں ان کے شوہر شیہد ہوئے تھے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئیں۔












