دیوبند، 9؍ جون،سماج نیوز سروس:دیوبند اورجڑؤدا جٹ گاؤں میں جمع کے روز ایک مہم چلا کر اور کیمپ منعقد کرکے مستحق لوگوں کے آیوشمان کارڈ بنائے گئے ۔ منعقدہ کیمپ کا افتتاح پی ڈبلیو ڈی محکمہ کے وزیر مملکت کنوار برجیش سنگھ نے کیا ۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے غریب اورمستحق لوگوںکے لئے متعدد اسکیمیں چلارکھی ہیں۔ جن سے لوگ مسلسل استفادہ کررہے ہیں ۔ وزیر مملکت نے بتایا کہ مستحق لوگوںکے لئے آیوشمان کارڈ بنانے کی اسکیم نہایت اہم ہے کیوں کہ آیوشمان کارڈ کی مدد سے کوئی بھی غریب شخص 5 لاکھ روپے تک کا علاج مفت کراسکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت سب کا ساتھ سب کا وکاس کے تحت کام کررہی ہے اور ہماری حکومت میں سبھی کو برابر حقوق دیئے جارہے ہیں ۔ آج ہر طبقہ موجودہ حکومت سے خوش ہے ، یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن جماعتیں بی جے پی کی مقبولیت سے گھبرائی ہوئی ہیں۔ انہوں نے گرام پردھان بھوپال سنگھ اور آشاؤںکی جانب سے مشترکہ طورپر چلائی جانے والی اس اسکیم اور لوگوںکو بیدارکرنے کے اقدام کی ستائش کی ۔ مستحق اور غریب لوگوں کو آیوشمان کارڈ جاری کرنے کی غرض سے منعقد کئے جانے والے کیمپ میں بی ڈی او اعظم علی ،بی جے پی ضلع نائب صدریشونت رانا ، پرمود رنکھنڈی ، دیہی سکریٹری بیگ پال ، گرا م روزگارسیوک گھنشیام سنگھ رانا ، پنچایت معاون شرون کشیپ ، انکور اپادھیا ئے ، آدتیہ کمار ، دیپک کمار ، اجے کمار ، ساگر اور راہل وغیر ہ موجود رہے ۔