اعظم گڑھ:: اترپردیش کے ضلع اعظم گڑھ کے رہنے والے ایک شخص نے اپنے عزم مصمم اور بلند حوصلوں کی بدولت ایک ایسی بیٹری سائیکل ایجاد کی ہے جو 160 کلو میٹر تک کی مسافت طے کرتی ہے اور اس پر پانچ افراد سوار ہوسکتے ہیں۔ضلع کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہوئے عبداللہ نے انٹرمیڈیٹ کے بعد آئی آئی ٹی کیا ہے اور اس وقت بی سی اے کررہے ہیں۔ انہوں نے ایسی سائیکل کا ایجاد کیا ہے جو ایک نہیں پانچ افراد کو بٹھا کر160 کلو میٹر کا سفر طے کرسکتی ہے ۔ان کی اس اختراع پر ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے آنند مہندرا نے بھی ٹوئٹ کر کے خوشی کااظہار کیا ہے ۔ اسد عبداللہ نے کباڑ سے تمام اشیاء جمع کر کے محض 12ہزار روپئے کے اخراجات سے اس سائیکل کو تیار کیا ہے ۔ اسد عبداللہ نے پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کو لے کر من میں عزم کیاکہ وہ ایک ایسی سوار بنائیں گے جو گاؤں کے لوگوں کو بغیر پٹرول کے چلنے میں آسانی فراہم کرے ۔اسد کو اس سائیکل کو بنانے میں ایک مہینے کا وقت لگ گیا۔ یہ بیٹر سائیکل محض آٹھ سے 10روپئے کی بجلی میں چارج ہوجائے گی۔ اسد نے بتایا کہ سائیکل کو بنانے میں اس میں پرانے اسکوٹر کے پارٹ استعمال کیا ہے ۔ ساتھ ہی ایک ہزار واٹ کا ہب میٹر اور ایک ہزار وارڈ کا ہی کنٹرولر لگایا گیا ہے ۔ اس میں لتھیم فاسفیٹ کی بیٹر کا استعمال ہوا ہے ۔اس کا خواب آنے والے دنوں میں شمسی توانائی اور بیٹری سے چلنے والا طیارہ بنانے کا ہے ۔












