دبئی، (یو این آئی) محمد شامی (پانچ وکٹ) اور ہرشیت رانا (تین وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں جمعرات کو بنگلہ دیش کی پوری ٹیم کو 49.4 اوور میں 228 رنز کے اسکور تک محدود کر دیا۔
آج یہاں بنگلہ دیش کے کپتان نظم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والے بنگلہ دیش کا آغاز انتہائی خراب رہا اور 35 کے اسکور پر اس کی پانچ وکٹیں گر گئیں۔ سومیا سرکار (0) اور کپتان نظم الحسن شانتو (0)، مہدی حسن معراج (5)، تنجید حسن (25) اور مشفق الرحیم (0) آؤٹ ہوئے۔ یہ پانچ بلے باز محمد شامی، اکشر پٹیل اور ہرشیت رانا کی تیز گیند بازی کے سامنے ڈھیر ہوگئے۔ ایسے بحران کے وقت محمد توحید ہردوئے اور ذاکر علی کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 135 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی۔ محمد شامی نے 43ویں اوور میں ذاکر علی (68) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ ہندوستانی باؤلنگ اٹیک کے سامنے بنگلہ دیش کی حالت ایسی تھی کہ وہ ہوا میں معلق ہو جیسے تیسے کرکے 200 کا ہندسہ عبور کیا۔ اس کے بعد رشاد حسین (18) کو ہرشیت رانا نے آؤٹ کیا۔ تنظیم حسن شکیب (0) محمد شامی کا چوتھا شکار بنے۔ تسکین احمد (تین) کو بھی شامی نے آؤٹ کیا۔ 50ویں اوور کی چوتھی گیند پر ہرشیت رانا نے سنچری اسکور کرنے والے محمد توحید ہردوئے کو آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کی اننگز 228 کے اسکور پر محدود کردی۔ محمد توحید ہردوئے نے 118 گیندوں پر 100 رنز کی اننگز کھیلی، چھ چوکے اور دو چھکے لگائے۔
ہندوستان کی جانب سے محمد شامی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ہرشیت رانا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر پٹیل نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اے کے میچ میں جمعرات کو بنگلہ دیش نے ہندوستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ آج یہاں بنگلہ دیش کے کپتان نظم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹاس کے بعد شانتو نے کہا کہ ان کی ٹیم نے اچھی پریکٹس کی ہے اور کھلاڑی اس ٹورنامنٹ کو کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ شانتو نے کہا کہ ان کی پلیئنگ الیون میں تین تیز گیند باز اور دو اسپنرز شامل ہیں۔
ادھر ٹیم انڈیاکے کپتان روہت شرما نے کہا کہ وہ پہلے گیندبازی کرنا چاہتے ہیں۔ اس صورتحال میں دونوں کپتانوں کو وہ مل گیا جو وہ چاہتے تھے۔ روہت نے کہا کہ یہاں روشنیوں میں بلے بازی کرنا آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آخری ون ڈے کی پلیئنگ الیون کے مقابلے آج ورون چکرورتی اور ارشدیپ سنگھ باہر ہیں جبکہ رویندر جڈیجا اور محمد شامی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔