سید پرویز قیصر
ٹسٹ کرکٹ میںبنگلہ دیش نے اپنی پہلی جیت 10 جنوری2005 کو حاصل کی تھی۔ اس نے چٹاگانگ میں زمبابوے کے خلاف226 رن سے جیت حاصل کی تھی۔بنگلہ دیش نے35 ویںٹسٹ میں یہ جیت اپنے نام کی تھی۔اس ٹسٹ کی ابتد ا6 جنوری کو ہوئی تھی اور میچ پانچوں دن چلا تھا۔
اس ٹسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگ میں 149.3 اوورمیں488 رن بنائے تھے۔ بنگلہ دیش کی اننگ میں کوئی بھی کھلاڑی سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوا تھا مگر چار کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں جس میں سب سے زیادہ رن کپتان حبیب البشر نے بنائے تھے جو204 منٹ میں128 بالوں پر14 چوکوں کی مدد سے94 رن بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔راجن صالح نے234 منٹ میں182 بالوں پر دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے89 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ تیز بالر کریس مپوفوزمبابوے کیلئے سب سے کامیاب بالر رہے تھے۔ انہوں نے29 اوور میں109 رن دیکر چارکھلاڑیو ں کو آوٹ کیا تھا۔
پہلی اننگ میں زمبابوے نے131.4 اوور میں312 رن بنائے تھے جس میں کسی کھلاڑی نے سنچری نہیں بنائی تھی۔ سب سے بڑااسکور ٹا تندراتائبو نے بنایا تھا۔ زمبابوے کے اس کپتان اور وکٹ کیپر نے345 منٹ میں241 بالوں پر13 چوکوں کی مدد سے92 رن بنائے تھے۔الٹن چیگمبورا 196منٹ میں164 بالوں پر دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے71رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے محمد رفیق سب سے کامیاب بالر رہے تھے۔ بائیں ہاتھ کے اس اسپنرنے 41.4 اوورمیں65 رن دیکرپانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔بنگلہ دیش اپنی دوسری اننگ176 رن کی سبقت کے ساتھ شروع کی تھی اور51.1 اوور میں نو وکٹ پر204 رن بناکر ڈکلیر کی تھی۔اس مرتبہ بھی کوئی بلے باز سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوا۔ کپتان حبیب البشر نے دوسری اننگ میں143 منٹ میں80 بالوں پر چھ چوکوں کی مدد سے55 رن بنائے تھے۔اس اننگ میں یہ بنگلہ دیش کیلئے واحد نصف سنچری تھی۔الٹن چیگمبورا زمبابوے کی جانب سے سب سے کامیاب بالر رہے۔ انہوں نے16.1اوور میں54 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔زمبابوے کو میچ جیتنے کیلئے381 رن کا مشکل ہدف ملا تھا ۔ دوسری اننگ میں اسکے سبھی کھلاڑی64.2 اوور میں154 رن بناکر آوٹہوئے جس کی وجہ سے بنگلہ دیش نے226 رن سے جیت اپنے نام کی۔ ہملٹن ماسا کادزا نے181 منٹ میں130بالوں پرآٹھ چوکوں کی مدد سے56 رن بنائے تھے۔بائیں ہاتھ سے اسپین بالنگ کرانے والے انعام الحق نے 22.2 اوور میں45رن دیکر چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ انہیںمین آف دی میچ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
اپنی پہلی جیت سے قبل بنگلہ دیش نے جو34 ٹسٹ میچ کھیلے تھے اس میں31 ٹسٹ میچوں میں اسے شکست ہوئی تھی او ر تین ٹسٹ برابر رہے تھے۔ابھی تک بنگلہ دیش نے جو156 ٹسٹ میچ کھیلے ییں اس میں25 ٹسٹ میچوں میں اسے جیت ملی ہیم112 ٹسٹ میچوں میں ہارہوئی ہے اور19 ٹسٹ میچ برابر رہے ہیں۔












