بنگلورو،(یو این آئی ) ہندوستانی ٹینس کے افق پر ابھرتے ہوئے ستارے پرجول دیو کے لیے نیا سال ایک بڑی خوشخبری لے کر آیا ہے۔ انہیں آئندہ بنگلورو اوپن 2026 کے لیے ‘وائلڈ کارڈ دے دیا گیا ہے، جو ہندوستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اس ٹورنامنٹ کی دیرینہ روایت کا تسلسل ہے۔ یہ باوقار ایونٹ، جو اپنی کامیابیوں کی دہائی (10واں ایڈیشن) مکمل کر رہا ہے، 5 سے 11 جنوری 2026 تک بنگلورو میں منعقد ہوگا۔29 سالہ پرجول دیو اس وقت اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں۔ گزشتہ ماہ بھونیشور میں آئی ٹی ایف ورلڈ ٹینس ٹور ایم 15 ایونٹ میں مینز سنگلز کا خطاب جیتنے کے بعد، اب وہ اے ٹی پی چیلنجر ٹور پر عالمی سطح کے کھلاڑیوں سے ٹکرانے کے لیے پرجوش ہیں۔ پچھلے سال اے ٹی پی چیلنجر 125 لیول میں اپ گریڈ ہونے کے بعد، اب اس ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 225,000 ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ سنگلز چیمپئن کو 125 اے ٹی پی پوائنٹس ملیں گے، جو عالمی رینکنگ میں بڑی چھلانگ لگانے کے لیے بہترین موقع ہے۔وائلڈ کارڈ ملنے پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے پرجول دیو نے کہا کہ بنگلورو اوپن میں مقابلہ کرنا میرے لیے فخر کا لمحہ ہے، خاص طور پر اپنی آبائی ریاست (کرناٹک) میں۔ اس ٹورنامنٹ نے ہمیں ہمیشہ بین الاقوامی معیار کے کھلاڑیوں کے خلاف خود کو آزمانے کا بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔ میں وائلڈ کارڈ دینے پر کے ایس ایل ٹی اے کا شکر گزار ہوں اور بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے بے قرار ہوں۔












